news
English

’فلسطینیوں پر بمباری بندکرو‘‘ ورلڈکپ فائنل کے دوران تماشائی گراؤنڈمیں آگیا

تماشائی کے گرائونڈ میں داخل ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان میچ کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا۔

’فلسطینیوں پر بمباری بندکرو‘‘ ورلڈکپ فائنل کے دوران تماشائی گراؤنڈمیں آگیا

آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے فائنل میچ کے دوران فلسطین کے حامی نوجوان نے میدان میں جاکر بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو گلے لگالیا۔ 
احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 14ویں اوور میں فلسطین کے حامی نوجوان نے بھارتی بیٹر ویرات کوہلی کو لگے لگا لیا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ 
تماشائی سیکیورٹی اہلکاروں کو چکمہ دیکر میدان میں داخل ہوا، جس نے فلسطینی پرچم والا ماسک پہننا ہوا تھا جبکہ ٹی شرٹ پر ’’فلسطینیوں پر بمباری بند کرو‘‘ کا نعرہ درج تھا۔ 
تماشائی کے میدان میں آنے کی وجہ سے کھیل کو کچھ دیر کیلئے روکنا پڑا، بعدازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔ 
قبل ازیں ورلڈکپ 2023 کے دوران پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کے دوران بھی فلسطین کا پرچم لہرایا گیا تھا، جس پر 4 شائقین کرکٹ کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔  
دوسری جانب فلسطین میں اسرائیلی جارحیت پر بھارت کی ہندو انتہا پسند تنظیم اسرائیل کی حمایت کررہی ہے جبکہ فلسطینیوں کی مزاحمتی تنظیم حماس کو دہشتگرد قرار دیا جارہا ہے۔ 

واضح رہے کہ صہیونی ریاست کی غزہ میں جاری جارحیت کے باعث شہید فلسطینوں کی تعداد 12 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جس میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔