news
English

مانچسٹر ٹیسٹ؛ انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز بناسکی تھی

مانچسٹر ٹیسٹ؛ انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی فوٹو: اے ایف پی

مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی، انگلش ٹیم نے پاکستان کا 277 رنز کا ہدف چوتھے دن ہی 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

پاکستان کے خلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں واقع اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا جہاں کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف دیا۔

انگلش ٹیم نے کھیل کے چوتھے ہی روز پاکستانی ٹیم کا دیا گیا 277 رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ اپنے نام کرلیا۔ فتح میں اہم کردار ووکس اور جوز بٹلر نے ادا کیا جنہوں نے بالترتیب 84 اور 75 رنز اسکور کیے جب کہ ووکس ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کو دوسری اننگز میں 107 رنز کی برتری ملی لیکن بدقسمتی سے دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ثابت ہوئی اور کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکا اور یوں پوری ٹیم 169 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

قومی ٹیم کی جانب سے پہلی اننگز کے سنچری میکر شان مسعود کھاتہ کھولنے میں بھی کامیاب نہ ہوسکے جب کہ لیگ اسپنر یاسر شاہ 33 رنز بناکر سب سے نمایاں رہے، اسد شفیق 29 اور محمد رضوان 27 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ 3، کرس ووکس اور بین اسٹوکس 2،2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ کی اننگ

قبل ازیں انگلینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 219 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کی جانب سے اولے پوپ 62 اور جوز بٹلر 38 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جب کہ پاکستان کے سب سے کامیاب باؤلر یاسر شاہ رہے جنہوں نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اس کے علاوہ شاداب اور عباس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پاکستان شان مسعود کی ریکارڈ ساز اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں 326 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ شان مسعود 156 اور بابراعظم 69 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ اور جوفرا آرچر نے 3،3 جب کہ کرس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے روز کے اختتام پر پاکستانی بولروں نے شاندار آغاز کرتے ہوئے انگلش بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور 92 رنز پر ان کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ ڈوم سبلی 8، رورئے برنس 4، بین اسٹوک صفر جب کہ کپتان جوئے روٹ 14 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستانی ٹیم اظہرعلی کی قیادت میں عابد علی، شان مسعود، بابراعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، محمد عباس، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ پر مشتمل ہے۔

انگلش ٹیم کی قیادت جوئے روٹ کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈوم سبلی، رورئے برنس، بین اسٹوک، اولے پوپ، جوز بٹلر، ڈومینک بیس، اسٹورٹ براڈ، کرس ووکس، جوفرا آرچر اور جیمز اینڈرسن شامل ہیں۔