news
English

آن لائن ٹیسٹ؛ بورڈکی ضد کھلاڑیوں پر بھاری پڑنے لگی

پارک یا سڑک پر ٹیسٹ سے کورونا ہوگیا توکون ذمہ دار ہوگا؟پلیئرز

آن لائن ٹیسٹ؛ بورڈکی ضد کھلاڑیوں پر بھاری پڑنے لگی فوٹو: پی سی بی

پی سی بی کی ضد کھلاڑیوں پر بھاری پڑنے لگی جب کہ صہیب مقصود آن لائن فٹنس ٹیسٹ کے دوران زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں تک محدود ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ آن لائن لینے کا عجیب و غریب فیصلہ کیا تھا، پلیئرز نے مناسب ماحول دستیاب نہ ہونے پر پریشانی کا اظہار بھی کیا مگرکسی کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی، ڈومیسٹک ٹیموں کے کھلاڑیوں کی آزمائش چند روز سے جاری ہے۔

گذشتہ روز گھر میں ٹیسٹ دیتے ہوئے صہیب مقصود کا گھٹنہ زخمی ہوگیا، مڈل آرڈر بیٹسمین نے سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے انجری کے باوجود آن لائن ٹیسٹ مکمل کیا،میز سے گرنے والے گلاس سے میرا گھٹنہ زخمی ہوا،یہ ایک حادثہ تھا۔

انھوں نے کہا کہ میں پی سی بی کی جانب سے قرنطینہ کے دوران کھلاڑیوں کے ٹیسٹ لینے کی پالیسی کا حامی ہوں، اس کی وجہ سے ہمیں اپنی توجہ مرکوز رکھنے میں مدد ملی ہے،خوش ہوں  اور تمام ٹیسٹ مکمل کیے ہیں، زخم گہرا تھا اس لیے ڈاکٹر کو تصاویر بھجوائیں کیونکہ ان دنوں کوئی اسپتال جانے کا خطرہ مول نہیں لینا چاہتا۔

دوسری جانب سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کے ٹیسٹ قومی ٹیم کے ٹرینر یاسر ملک 20 اور 21 اپریل کو لیں گے، کھلاڑی اس حوالے سے خاصی تشویش کا شکار ہیں،صہیب مقصود کے واقعے سے مزید پلیئرز خوف کا شکار ہو گئے، ان کا کہنا ہے کہ پارک  یا سڑک پر ٹیسٹ دینے سے اگر کورونا ہوگیا تو کون ذمہ دار ہوگا؟