news
English

مارک بچرنے اسامہ میراور شاداب خان کی بحث پر اپنا فیصلہ سنادیا

سابق برطانوی بیٹر مارک بچر نے اسامہ میر بمقابلہ شاداب خان مباحثے پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسامہ میر 2023کے ورلڈ کپ میں پاکستان کے لیے ایکس فیکٹر ثابت ہو سکتے ہیں۔

مارک بچرنے اسامہ میراور شاداب خان کی بحث پر اپنا فیصلہ سنادیا

مارک بچر نے ناقص کارکردگی دکھانے پر شاداب خان کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مشورہ دے دیا۔
سابق برطانوی بیٹر مارک بچر کا کہنا ہے کہ شاداب کافی عرصے سے خراب بولنگ کروا رہا ہے، اسکی باولنگ میں وہ کاٹ باقی نہیں رہی، ایسا لگتا ہے کہ جب بھی وہ بولنگ کرے اسے مار پڑتی ہے۔  
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کافی عرصے سے گیند اور بلے دونوں کے ساتھ خراب فارم میں ہیں اور اس سے کرکٹ کے پاکستانی شائقین میں خاصی تشویش پائی جاتی ہے۔ انگلینڈ کے سابق کرکٹر مارک بچر نے اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ورلڈ کپ کے دوران اسامہ میر پاکستان کے لیے ایکس فیکٹر ثابت ہوسکتا ہے۔
مارک بچر کا کہنا تھا کہ ’’میں اسامہ میر پر پورا بھروسہ کروں گا، فروری اور مارچ میں پی ایس ایل کے دوران میں نے اسے کھیلتے ہوئے دیکھا، پھر اس نے بلے اور گیند کے ساتھ مانچسٹر اوریجنلز کے لیے واقعی اچھی پرفارمنس دی۔
مارک بچر نے کہا کہ "دوسری جانب شاداب کافی عرصے سے خراب بولنگ کر رہے ہیں، ان کی باولنگ میں وہ کاٹ باقی نہیں رہی اور ایسا لگتا ہے کہ جب بھی وہ بولنگ کرتا ہے اسے مار پڑتی ہے، مجھے لگتا ہے کہ انہیں یہاں تھوڑا ہوشیار ہونا پڑے گا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر محمد نواز کو یہاں اسامہ میر کے ساتھ کھلانا پسند کروں گا اگر وہ ڈبل اسپن کے ساتھ جانے والے ہیں۔ دوسری جانب، آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کےوارم اپ میچوں میں شاداب خان کی ناقص کارکردگی ایشیا کپ کے بعد بھی جاری ہے جس میں وہ ایک طرف تو بلے بازی میں کوئی اہم کردار ادا کرنے میں ناکام رہے اور گیند کے ساتھ بھی اپنی ٹیم کو کامیابی دلانے میں کوئی کردار ادا نہیں کرسکے جس کے بعد پاکستانی شائقین میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے، کچھ لوگ اپنے پسندیدہ کھلاڑی شاداب خان کو ورلڈ کپ میں گرین شرٹ میں دیکھنا چاہتے ہیں، جبکہ کچھ کا خیال ہے کہ اسامہ میر کو موقع دینا چاہیے۔
منگل کے روزہونےوالےوارم اپ میچ میں اسامہ میر نے آسٹریلیا کی دو اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاداب خان گیند یا بلے سے پرفارم نہیں کر سکے۔
حیدر آباد دکن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم بغیر کوئی وکٹ کھوئے 100 رنز تک پہنچنے کی راہ پر گامزن تھی جب اسامہ میر نے لگاتار دو اوورز میں دو وکٹیں حاصل کیں، انہوں نے کینگروز کے اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کو 48 اور 31 رنز پر آؤٹ کیا۔