news
English

بنگلہ دیش: مشرفی مرتضیٰ کا گھرجلادیاگیا، بی سی بی کے صدرملک سےفرار

بی سی بی نے سیاسی بے چینی کی وجہ سے بنگلہ دیش اے ٹیم کا دورہ پاکستان دو دن کے لیے موخر کر دیا۔

بنگلہ دیش: مشرفی مرتضیٰ کا گھرجلادیاگیا، بی سی بی کے صدرملک سےفرار

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مشرفی مرتضٰی بھی مشتعل مظاہرین کے غیض و غضب سے بچ نہ سکے، مشتعل ہجوم نے ان کے گھر کو نذر آتش کر دیا جبکہ سیاسی بدامنی کے دوران بی سی بی کے صدر ملک سے فرار ہوگئے۔ 
بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ طلباء کے وسیع مظاہروں کے درمیان وزیر اعظم کے ملک چھوڑنے کے بعد توڑ پھوڑ کرنے والے مشتعل مظاہرین نے مشرفی مرتضیٰ کے گھر پر حملہ کیا اور اسے آگ لگا دی۔ 
ملک میں سیاسی بحران کے دوران بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن اور معزول عوامی لیگ کی حکومت کے حامی دیگر عہدیداروں کو اپنی حفاظت کے لیے ملک سے فرار ہوتے دیکھا گیا۔ کرک بز کے مطابق ملک کے وزیر برائے کھیل زاہد احسن حسن بھی رخصت ہوگئے ہیں۔ 
دوسری جانب سول نافرمانی کی پُرتشدد تحریک کے حامی مظاہرین کی پیاس شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ اقتدار کے اختتام سے بھی ختم نہ ہوئی، اب انہوں نے اپنی پیاس بجھانے کے لیے عوامی لیگ سے وابستہ افراد کو مرکز نگاہ بنا لیا ہے۔ 
مقامی میڈیا کے مطابق اب مظاہرین کے غصے کی آگ سے عوامی لیگ کے دفاتر اور ارکان پارلیمنٹ کے گھر بھی محفظ نہیں رہے، ملک بھر میں عوامی لیگ کے دفاتر اور ارکان پارلیمنٹ کے گھروں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی ذاتی رہائش گاہ سمیت عوامی لیگ کے مرکزی ہیڈکوارٹرز کو مشتعل مظاہرین پہلے ہی نذر آتش کر چکے ہیں۔ 

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کھلنا کے ضلع نڑائل میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عوامی لیگ کے رکن پارلیمنٹ مشرفی مرتضٰی کے گھر کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔ 
مشرفی مرتضٰی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مظاہرین کے حملے سے قبل ہی محفوظ مقام کی طرف منتقل ہو گئے تھے، پولیس کی جانب سے قومی کھلاڑی کے گھر کو نذر آتش کرنے سے روکنے کی کوشش کی گئی مگر مظاہرین نے ان کی ایک نہ سنی، مظاہرین نے عوامی لیگ کے خلاف سخت نعرے بازی بھی کی۔  
گزشتہ روز شیخ حسینہ واجد گزشتہ ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں میں سیکڑوں ہلاکتوں کے بعد عہدے سے استعفیٰ دے کر بھارت روانہ ہو گئیں تھیں۔