news
English

اے کیٹیگری کرکٹرز میچ فیس میں اضافے کے خواہاں

ذرائع نے بتایا کہ اے کیٹیگری کے کرکٹرز میچ فیس نہ بڑھائے جانے پر خوش نہیں ہیں، انھوں نے دبے لفظوں میں اس حوالے سے احتجاج بھی کیا

اے کیٹیگری کرکٹرز میچ فیس میں اضافے کے خواہاں فوٹو: پی سی بی

کراچی: سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری میں شامل کرکٹرز میچ فیس میں اضافے کے خواہاں ہیں جب کہ اس حوالے سے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکرخان تک زبانی درخواست پہنچا دی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے جولائی میں سینٹرل کنٹریکٹ کا اعلان کیا  جس میں 20 کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں جگہ دی گئی،اے میں  بابر اعظم، محمد رضوان، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، ان کی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ ہوا مگر ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کی میچ فیس نہیں بڑھائی گئی۔

اس کے برعکس بی کیٹیگری کی ماہانہ تنخواہ 25 فیصد ہی بڑھی ساتھ ٹیسٹ میچ فیس میں 15، ون ڈے میں 20 اور ٹی ٹوئنٹی میں 25 فیصد اضافہ ہوا، سی کیٹیگری کی بھی ماہانہ تنخواہ میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا، ان کی ٹیسٹ میچ فیس 34 فیصد، ون ڈے 50جبکہ ٹی ٹوئنٹی فیس67 فیصد بڑھ گئی۔

اسی طرح ایمرجنگ کیٹیگری کی ماہانہ تنخواہ 15جبکہ ٹیسٹ میچ فیس34 فیصد، ون ڈے 50 اور ٹی ٹوئنٹی67 فیصد بڑھ گئی،اس سے تمام کیٹیگریز کے کھلاڑیوں کی میچ فیس اب یکساں ہو چکی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اے کیٹیگری کے کرکٹرز میچ فیس نہ بڑھائے جانے پر خوش نہیں ہیں، انھوں نے دبے لفظوں میں اس حوالے سے احتجاج بھی کیا۔

ایک سینئر کرکٹر نے گذشتہ روز پی سی بی کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان سے بھی بات کر کے اضافے کی درخواست کردی،البتہ کوئی یقین دہانی نہیں مل سکی ہے،کھلاڑیوں کو یقین ہے کہ بورڈ ان کی جائز درخواست کو مسترد نہیں کرے گا۔

اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ترجمان نے موقف اختیار کیا کہ کسی کھلاڑی نے بھی معاوضے کے حوالے سے کوئی شکایت نہیں کی ہے۔