news
English

سری لنکا نے زمبابوے کے خلاف آخری گیند پر فتح حاصل کرلی

سری لنکا کو آخری دو گیندوں پر چھ رنز درکار تھے، ٹیل اینڈر دشمنتھا چمیرا نے آخری گیند پر باؤنڈری لگا کر اپنی ٹیم کو میچ جتوادیا۔

سری لنکا نے زمبابوے کے خلاف آخری گیند پر فتح حاصل کرلی

کولمبو میں اتوار کے روز ہونے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سری لنکا نے زمبابوے کو آخری گیند پر سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو آخری دو گیندوں پر چھ رنز درکار تھے جبکہ ٹیل اینڈر دشمنتھا چمیرا نے اسیکنڈ لاسٹ بال پر باؤنڈری لگائی، اس کے بعد انہوں نے آخری گیند کو اسکوائر لیگ کی طرف کھیل دیا اور دو رنز بنا کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں زمبابوے کے خلاف سری لنکا کے ناقابل شکست ریکارڈ کو برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئے۔ 
سری لنکا نے یہ جیت 36 سالہ سابق کپتان اینجلو میتھیوز کے نام کی جنہوں نے تقریباً تین سال میں اپنا پہلا انٹرنیشنل کھیلتے ہوئے سب سے زیادہ 46 رنز بنائے۔ 
میتھیوز آخری بار مارچ 2021 میں ایک بین الاقوامی میچ میں نمایاں ہوئے تھے اور انہیں ٹیم میں واپس بلایا گیا تھا کیونکہ سری لنکا اس سال کے ٹی 20 ورلڈ کپ تک تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ٹیم کو مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم اس موقع پر میتھیوز نے اسپورٹ مینشپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چمیرا کو خراج تحسین پیش کیا جس کی بہترین بیٹنگ کے باعث سری لنکا کو فتح حاصل ہوئی۔ 
میتھیوز نے اپنی گفتگو میں کہا کہ ’’بہترین اننگز دشمنتھا چمیرا کی طرف سے دیکھنے میں آئی جس نے وہ چھ رنز دو گیندوں میں بنائے جن کی ٹیم سری لنکاکو اشدضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ "ہماری ساری ٹیم کی محنت بیکار ہوجاتی اگر وہ نہ یہ اسکور نہ جڑتا۔،،
یاد رہے کہ سری لنکا کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر 51 رنز تھا جب میتھیوز بیٹنگ کے لیے آئے اور چارتھ اسالنکا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 39 گیندوں پر 32 رنز جوڑے۔ 
یہ سری لنکا کے لیے میچ میں تعمیر نو کا ایک اہم وقت تھا، لیکن وہ اسکوائر ون پر واپس آ گئے تھے جب سکندر رضا نے اپنے آخری اوور میں دو وکٹیں لے کر سری لنکا کو چھ وکٹوں کے نقصان پر 83 رنز تک پہنچادیا۔ 
ساتھی آل راؤنڈر داسن شاناکا کے ساتھ، میتھیوز اس وقت سری لنکا کو فتح کے قریب لے جانے کے لیے 55 رنز کے اسٹینڈ میں شامل تھے، شناکا، جنہیں گزشتہ سال 50 اوور کے ورلڈ کپ کے بعد کپتان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا، 26 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ 
سری لنکا کو آخری اوور میں 14 رنز درکار تھے، میتھیوز نے پہلی دو گیندوں پر دو چوکے لگائے جو بلیسنگ مزاربانی کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹے تو اس وقت  سری لنکا کو مزید چھ رنز کی ضرورت تھی۔ میتھیوز 38 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کی وکٹ گرنے کے بعد چمیرا نے بقیہ رنز حاصل کرنے کی جدوجہد کی جبکہ سکندر رضا کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی رائیگاں گئی کیونکہ چمیرا نے آخری دو گیندوں پر چھ رنز بنالیے۔ 
زمبابوے کے کپتان نے اپنی ٹیم کے 143 کے مجموعی اسکور میں سب سے زیادہ 62 رنز بنائے اور پھر تین وکٹیں حاصل کیں، لیکن یہ کافی ثابت نہیں ہوا۔ یہ سکندررضا کی 13ویں ٹی ٹوئنٹی نصف سنچری تھی۔ انہوں نے 42 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز بنائے۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سکندررضا نے کہاکہ "جس طرح سے نتیجہ آیا اس سے ہم مایوس ہیں، لیکن جس طرح سے ہم نے مقابلہ کیا اور جس طرح ہمت دکھائی اس سے یقیناً مایوس نہیں ہوں۔"
سکندررضا نے کہا کہ "یہ ایک بہت اچھا کھیل تھا جس کا حصہ بن کر خوشی ہوئی۔ ہمارے پاس دو اور میچز ہیں اور ہم نئی توانائی کے ساتھ واپس آئیں گے۔"

یاد رہے کہ سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان اگلا میچ منگل کے روز کولمبو میں ہوگا۔