جارح مزاج آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل نے ون ڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، ماضی کے کئی ریکارڈ توڑدیئے
آسٹریلوی بلے باز گلین میکسویل نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی ناقابلِ یقین اننگز کھیلی اور ریکارڈ بک کو الٹ پلٹ کر رکھ دیا۔
بھارت میں جاری میگا ایونٹ ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے دی اس میچ میں گلین میکسویل نے 201 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ میں کئی ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنائے، آسٹریلیا کی ٹیم بیٹنگ کے لیے میدان میں اتری تو وکٹ پر جم نہ پائی، افغان فاسٹ بولرز اور راشد خان کی عمدہ بولنگ کے سبب 91 رنز پر سات آسٹریلوی کھلاڑی پویلین لوٹ گئے اس موقع پرافغانستان کی فتح یقینی نظر آرہی تھی لیکن اس کے بعد گلین میکسویل نے تن تنہا بازی پلٹ دی۔
جارح مزاج بلے باز نے دوسرا اینڈ سنبھال کر رکھنے والے کپتان پیٹ کمنز کے ہمراہ طویل شراکت قائم کر کے ون ڈے کرکٹ میں تاریخ رقم کردی۔ انہوں نے 128 گیندوں پر 10 چھکوں اور 21 چوکوں کی مدد سے 201 رنز کی اننگز کھیلی اور ون ڈے کرکٹ میں ہدف کے تعاقب میں ڈبل سنچری کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔
میچ کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میچ کے دوران جب انہیں ڈی آر ایس پر ناٹ آوٹ قرار دیا گیا، تب ہی انہوں نے فیصلہ کیا کہ میچ کو فنش کر کے دم لوں گا۔ گلین میکس افغانستان کے خلاف نہ صرف ڈی آر ایس کے ذریعے آوٹ ہونے سے بال بال بچے، بلکہ افغان فیلڈرز نے ان کے 2 میچز بھی ڈراپ کیے، یوں انہیں ملنےوالے مواقع افغانستان کیلئے بہت بھاری ثابت ہوئے۔ واضح رہے کہ بھارت کے سب سے بڑے شہر ممبئی کے کرکٹ گرائونڈ میں منگل کی شب ناقابل یقین مناظر دیکھنے میں آئے۔ انجری اور ٹانگوں کے پٹھوں میں کھنچائو کے باعث چلنے سے بھی قاصر آسٹریلیا کے گلین میکس ویل نے کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ کے سب سے سنسنی خیز مقابلے کی شکل اختیار کر جانے والے میچ میں تن تنہا، کھڑے کھڑے افغانستان کے جبڑے سے فتح چھین لی۔
گلین میکسویل نے بھاگ دوڑ کر سنگل ڈبل لینے سے گریز کیا اور کھڑے کھڑے لمبی شاٹس کھیلنے کو ترجیح دی، انہوں چھکوں چوکوں کی برسات کرتے ہوئے نہ صرف تاریخی ڈبل سنچری اسکور کی، بلکہ اپنی ٹیم کو فتح دلوا کر ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل میں پہنچادیا۔ گلین میکسویل نے کپتان پیٹ کمنز کے ساتھ مل کر 8 ویں وکٹ کے لئے 202 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو فتح دلوا کر ہی دم لیا۔ ورلڈکپ کے 39ویں میچ میں افغانستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 292 رنز کا ہدف دیا تھا۔
اس سے قبل ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں آج تک کسی بھی بلے باز نے ہدف کے تعاقب میں ڈبل سنچری نہیں کی۔
مجموعی طور پر، میکسویل نے اپنی اننگز کے دوران 21 چوکے اور 10 چھکے لگائے، ان میں سے اکثر شاٹس ایک ٹانگ پر کھڑے ہو کر لگائے گئے جبکہ آخری چھکے نے آسٹریلیا کی فتح پر مہر ثبت کی اور میکسویل نے اپنی ڈبل سنچری بھی مکمل کی۔ میکسویل نے اس ڈبل سنچری کے ساتھ ون ڈے کےکرکٹ میں پاکستان کے مایہ ناز بیٹر فخرزمان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا، جنہوں نے جوہانسبرگ میں جنوبی افریقہ کے خلاف 193 رنز بنائے تھے۔
یہ ورلڈ کپ کی تاریخ کی تیز ترین ڈبل سنچری بھی ہے اور آسٹریلین بلے باز نے اس اننگز کے دوران کرس گیل کو بھی ریکارڈسے محروم کردیا جنہوں نے 2015 کے ورلڈ کپ میں زمبابوے کے خلاف 138 گیندوں پر ڈبل سنچری بنائی تھی۔
دوسری جانب ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ بھارتی بیٹر ایشان کشن کے پاس ہے جنہوں نے 126 گیندوں پر یہ اعزاز حاصل کیا تھا البتہ انہوں نے یہ اننگز ورلڈ کپ میں نہیں کھیلی تھی۔
ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کی عظیم ترین اننگز میں سے ایک قرار دی جانے والی یہ اننگز چھٹے نمبر یا اس سے نیچے بیٹنگ کرنے والے کسی بھی بلے باز کی سب سے بڑی اننگز بھی ہے، اس سے قبل یہ ریکارڈ بھارت کے کپیل دیو کے پاس تھا جنہوں نے 1983 میں زمبابوے کے خلاف 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
یہ آسٹریلیا کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں بنائی گئی پہلی ڈبل سنچری ہے، اس سے قبل آسٹریلیا کی جانب سے سب سے بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ شین واٹسن کے پاس تھا جنہوں نے 2011 میں بنگلہ دیش کے خلاف 185 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
ایک اننگز میں رنز کی اوسط کے اعتبار سے بھی یہ ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی اننگز ہے، آسٹریلیا نے اننگز میں 293 رنز بنائے اور اس طرح میکسویل نے آسٹریلین اننگز کے 68.6 رنز اکیلے ہی بنائے۔
ایک اننگز میں ٹیم کے مجموعے کی مناسبت سے اوسطاً سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ عظیم بلے باز ویوین رچرڈز کے پاس ہے جنہوں نے 272 رنز کے مجموعی اسکور میں سے 189 رنز کے ساتھ اننگز کے 69.5 فیصد رنز تن تنہا بنائے تھے۔ اس اننگز کے دوران میکسویل نے کپتان کمنز کے ہمراہ آٹھویں وکٹ کے لیے 202 رنز کی شراکت داری کی جو ون ڈے کرکٹ میں آٹھویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی پارٹنرشپ کا عالمی ریکارڈ ہے۔
اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں آٹھویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ جنوبی افریقہ کے جسٹن کیمپ اور اینڈریو ہال کے پاس تھا جنہوں نے بھارت کے خلاف 138رنز کی شراکت داری کی تھی۔