میں اپنی حرکت پر نادم اور سپورٹ کرنے پر کرکٹ برادری کا ممنون ہوں، آسٹریلوی آل راؤنڈر۔
آسٹریلوی آل راؤنڈر گلین میکسویل نے شراب نوشی کے واقعے پر اپنی زبان کھول دی، جس پر انھیں اسپتال جانا پڑا تھا۔
گزشتہ ماہ ایڈیلیڈ میں ایک نمائشی گالف ایونٹ میں شرکت کے بعد رات کو ہوٹل میں سابق ساتھی کرکٹر بریٹ لی کے بینڈ کی پرفارمنس میں وہ شریک ہوئے، پھر بیڈ روم میں ہی اتنی زیادہ شراب پی کہ ہوش کھو بیٹھے، جس پر ایمبولینس طلب کی گئی اور انھیں اسپتال لے جایا گیا، جہاں کھلاڑی کو ایمرجنسی میں کچھ وقت کے لیے رکھا گیا تھا، اس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے انھیں کوئی سزا تو نہیں دی گئی تاہم ویسٹ انڈیز سے ہونے والی ون ڈے سیریز میں منتخب نہیں کیا گیا، اسی ٹیم سے دوسرے ٹی 20 میچ میں انھوں نے ناقابل شکست برق رفتار سنچری بنائی۔
شراب نوشی کے باعث بے ہوش ہونے کے واقعے کے بعد پہلی بار میکسویل نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے میری ذاتی زندگی اور فیملی پر گہرا اثر ڈالا، میں اپنی حرکت پر نادم ہوں اور سپورٹ کرنے پر کرکٹ برادری کا ممنون ہوں۔