news
English

’’بائیو ان سیکیور ببل‘‘ کے ذمہ دار ڈاکٹر نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا

ڈاکٹر سے استعفیٰ نہیں لیا بلکہ انھوں نے خود فیصلہ کیا، فی الحال پی ایس ایل 6کی اگلی پلاننگ پر توجہ مرکوز ہے

’’بائیو ان سیکیور ببل‘‘ کے ذمہ دار ڈاکٹر نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا فوٹو: پی سی بی

’’بائیوان سیکیور ببل‘‘ کے ذمہ دارڈاکٹرسہیل سلیم نے نوشتہ دیوار پڑھ لیا، برطرفی سے قبل میڈیکل پینل کے سربراہ نے خود ہی استعفیٰ دیدیا، وہ کورونا کیسز کی وجہ سے ایونٹ کے التوا پر ہونیوالی تنقید برداشت نہ کرسکے، مایوس کن صورتحال کے آفٹرشاکس جاری رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگوکرتے ہوئے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکشن پی سی بی سمیع الحسن برنی نے کہا کہ ڈاکٹر سہیل سلیم سے استعفیٰ نہیں لیا گیا بلکہ انھوں نے خود یہ فیصلہ کیا، فی الحال پی ایس ایل 6کی اگلی پلاننگ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں،التوا کے ذمہ داران کا تعین اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا، ڈاکٹر ایک ماہ کے نوٹس پیریڈ پر ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کئی کورونا کیسز کی وجہ سے پی ایس ایل6کو درمیان میں ہی روکنا پڑ گیا، بائیوسیکیور ماحول کی تشکیل میں ناکامی پر دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔

گذشتہ روزپی سی پی شعبہ میڈیکل اور اسپورٹس سائنسز کے سربراہ ڈاکٹر سہیل سلیم مستعفی ہو گئے، وہ گذشتہ کچھ عرصے میں خاصے فعال رہے تھے، انگلینڈ نے بائیو سیکیورٹی کا پلان متعارف کراتے ہوئے کورونا کے دور میں پہلی انٹرنیشنل سیریز کے انعقاد کا فیصلہ کیا تو ڈاکٹر سہیل انگلش بورڈ اور متعلقہ میڈیکل حکام سے رابطے میں رہے،بطور بائیو سیکیورٹی افسر بھاری بھرکم اسکواڈ کے ساتھ وہاں جا کر ایس او پیز کا عملی تجربہ انھوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا، وہ نیوزی لینڈ میں سخت ترین قرنطینہ کے دوران بھی قومی کرکٹرز کے ہمراہ رہے۔

واپسی پر یہی کہا گیا تھا کہ دونوں ملکوں میں بائیو سیکیورٹی کیلیے تجربات سے سیکھتے ہوئے پاکستان میں بھی پروٹوکولز بنا کر عمل درآمد کرایا جائے گا، پی ایس ایل کے بائیو ببل انتظامات میں نصف درجن سے زیادہ فاش غلطیوں کی نشاندہی ہو چکی،جو ایس او پیز بنائے گئے تھے ان کی خلاف ورزیاں روکنے میں بھی ناکامی ہوئی۔

ذرائع کے مطابق میڈیکل پینل کا سربراہ ہونے کی حیثیت سے ڈاکٹر سہیل سلیم کو ذمہ دار خیال کیا جا رہا ہے، ان کی انتظامی صلاحیتوں سے اعتبار اٹھنے پر ہی بائیو سیکیور ببل کیلیے غیر ملکی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو کسی مصلحت سے کام نہیں لے گی، اس صورتحال میں ڈاکٹر سہیل سلیم کیلیے خطرے کی گھنٹی بجنے لگی تھی،انتظامی غفلت پر مسلسل تنقید پر انھوں نے اپنا استعفیٰ پی سی بی کے پاس جمع کروا دیا،اب وہ ایک ماہ کے نوٹس پیریڈ پر ہیں۔

پی ایس ایل کے التوا پر پیدا ہونے والی مایوس کن صورتحال کے آفٹر شاکس جاری رہنے کا امکان ہے، مزید ذمہ اور بورڈ کی راہیں جدا ہونے کا امکان ظاہر کیا جانے لگا۔ اس حوالے سے رابطے پر پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکشن سمیع الحسن برنی نے ڈاکٹر سہیل سلیم کی جانب سے استعفیٰ جمع کرانے کی تصدیق کردی،نمائندہ ’’ایکسپریس‘‘سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ بورڈ نے ان سے استعفیٰ نہیں لیا بلکہ انھوں نے خود دیا ہے، فی الحال ہم پی ایس ایل 6کی اگلی پلاننگ پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔

التوا کے ذمہ داران کا تعین اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا، انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر سہیل سلیم ابھی ایک ماہ کے نوٹس پیریڈ پر ہیں، ان کے مستقبل کے حوالے سے کوئی فیصلہ بھی آئندہ میٹنگ میں ہی کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پی ایس ایل ملتوی ہونے پر رنجیدہ شعیب اختر نے کسی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ پی سی بی میڈیکل پینل میں ایسے ڈاکٹر بھی شامل ہیں جنھیں ایکسرے تک دیکھنا نہیں آتا، اسی طرح چند دیگر سابق کرکٹرز نے بھی بائیو سیکیورٹی میں نقائص کی نشاندہی کرتے ہوئے مینجمنٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔