news
English

بنگلادیش نے بھارت کے ہاتھوں سے یقینی فتح چھین لی

بنگلادیش نے بھارت کو 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

بنگلادیش نے بھارت کے ہاتھوں سے یقینی فتح چھین لی

میرپور میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم 41 اعشاریہ 2 اوورز میں 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی، بنگلادیش نے ہدف 46 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

بھارت کی طرف سےکے ایل راہول 73 اور روہیت شرما 27 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔

بنگلادیش کے آل راونڈر شکیب الحسن نے 5 اور عبادت حسین نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

میزبان ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو اسے بھارتی بولنگ کے سامنے کئی بار مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

بنگلادیشی ٹیم کی طرف سے لٹن داس 41،شکیب الحسن 29 اور مشفیق الرحیم 18 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

میچ کے دوران ایک وقت ایسا بھی آیا کہ بنگلادیش کےتمام بڑے بیٹر پویلین لوٹ گئے، کرکٹ کے تمام ہی ماہرین میچ میں بھارت کی یقینی فتح کی خبر سناچکے تھے۔

دراصل میزبان ٹیم کے 136 کے اسکور پر 9 کھلاڑی پویلین لوٹ گئےتھے،ایسے وقت میں جیت بنگال ٹائیگر کا مقدر بن گئی، ہوا کچھ یوں کہ مہدی حسن کا ساتھ دینے کے لیے تجربہ کار بولر مستفیض الرحمان کریز پر آگئے۔

دونوں کھلاڑیوں نے آخری 40 گیندوں پر بھارتی بولنگ کی خوب مزاحمت کی اور 50 رنز بٹورے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا ۔

مہدی حسن مرزا کو39 گیندوں پر38 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کے اعزاز سے نوازا گیا۔