انگلینڈ کے سابق کرکٹر کی پیش گوئی کے مطابق سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں میں ہندوستان اور ایک اور ایشیائی ٹیم کو شامل نہیں کیاگیا۔
ٹیم انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل تک پہچنے والی ٹیموں کی پیش گوئی کر دی۔ مائیکل وان کا کہنا ہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں سیمی فائنل تک نہیں پہنچ سکیں گی۔
تفصیلات کے مطابق سابق انگلش کپتان اور کمنٹیٹر مائیکل وان نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں سے متعلق اہم پیشگوئی کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر سابق کرکٹر و کمنٹیٹر مائیکل وان نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں اپنی آئیڈیل ٹاپ فور ٹیموں کا ذکر کرتے ہوئے میزبان ویسٹ انڈیز، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کو سیمی فائنل کھیلنے کا مضبوط دعویدار قرار دے دیا۔
انہوں نے پیشگوئی کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں رواں ٹی20 ورلڈکپ ایڈیشن میں سیمی فائنل کی ریس سے باہر ہوجائیں گی۔
قبل ازیں گزشتہ روز بھارتی بورڈ نے میگا ایونٹ کیلئے اپنے اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں روہت شرما کو بھارتی ٹیم کی کپتانی سونپی گئی تھی جبکہ ہاردک پانڈیا کو نائب کپتان مقرر کیا تھا۔
بھارتی اسکواڈ میں کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی، یشسوی جیسوال، سوریا کمار یادیو، رشبھ پنت، سنجو سیمسن، ہاردک پانڈیا، شیوم دوبے، رویندرا جڈیجہ، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، یوزوندرا چہل، ارشدیپ سنگھ ، جسپریت بمراہ اور محمد سراج شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے تاحال ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے البتہ آئرلینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کیلئے گرین شرٹس کے اسکواڈ کا اعلان آج ہونے کی توقع ہے۔