news
English

مکی آرتھر نے آسٹریلیا میں بابر اعظم کی کامیابی کی کُنجی بتادی

پاکستانی ٹیم کو تیز رفتاری سے کھیلنے والے جس بلے باز کی تلاش تھی وہ افتخار احمد کی شکل میں ٹیم کو مل گیا ہے

مکی آرتھر نے آسٹریلیا میں بابر اعظم کی کامیابی کی کُنجی بتادی تصویر: اے ایف پی

پاکستانی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی کامیابی کا گُر ان کی شاٹ کھیلنے کی ٹائمنگ اور گیند کو درست سمت میں ہٹ کرنا ہے۔ یہی وہ اہم نکتہ ہے جس کے باعث بابر اعظم اتنے زبردست شاٹس کھیلتے ہیں۔ سابق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بابر اعظم کا شاٹ کھیلنے کا انداز انہیں پاکستانی ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں سے منفرد کرتا ہے۔

وہ بہت ٹھہر کر اور توقف کے ساتھ گیند کو کھیلتے ہیں ان کا کانٹیکٹ پوائنٹ ان کی آنکھوں کے نیچے ہوتا ہے جس سے انہیں آف سائیڈ پر نظر رکھنے میں مدد ملتی ہے اور وہ گیند کو اسی سمت میں کھلیتے ہیں جہاں وہ گیند کو بھیجنا چاہتے ہیں اسی لیے ان کے شاٹس اتنے مکمل اور بھرپور ہوتے ہیں۔ جبکہ پاکستانی ٹیم کے دیگر بلے باز پریشان کُن انداز میں گیند کو کھیلتے ہیں جس سے ان کے بلے اور طاقت کا توازن قائم نہیں رہتا جس کے نتیجے میں بلے باز کھیلتا کہیں اور ہے اور گیند جاتی کہیں اور ہے۔

پاکستانی ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ نے مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد کی بلے بازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو تیز رفتاری سے کھیلنے والے جس بلے باز کی تلاش تھی وہ افتخار احمد کی شکل میں ٹیم کو مل گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افتخار احمد پاکستانی ٹیم کا پلس پوائنٹ ہیں۔ وہ ایسے بلے باز ہیں جو اننگز کو خاتمے تک لے جاسکتا ہے۔ ان کے زوردار اونچے شاٹس اور بھرپور گرائونڈ شاٹس دیکھنے کے قابل ہوتے ہیں۔ مکی آرتھر کا کہنا تھا کہ اگر افتخار احمد اسی طرح کھیلتے رہے تو وہ پاکستانی ٹیم کے لیئے انتہائی اہم کھلاڑی بن جائیں گے۔