اگر نجم سیٹھی نہ ہوتے تو میں پاکستانی ٹیم کا ڈائریکٹر بھی نہ ہوتا، مکی آرتھر
قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان گزشتہ ورلڈکپ کے مقابلے میں ایک زیادہ بہتر ٹیم ہے، کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور ایسی ٹیم میگا ایونٹ جیت سکتی ہے۔
مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم مکی آرتھر نے تصدیق کی کہ ان کا سرفراز احمد سے رابطہ ہوا ہے تاہم ابھی ورلڈکپ کی ٹیم میں سرفراز احمد کی شمولیت واضح نہیں ہے، بہت سے سینئر و جونیئرکھلاڑی میگا ایونٹ کی تیاری میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابراعظم کی کھیل سے متعلق حکمت عملی بہتر سے بہتر ہو رہی ہے، وہ اپنی بیٹنگ کو بھی مضبوط کر رہے ہیں، کیویز کے خلاف ٹی20 سیریز میں پاکستان کی کارکردگی تسلی پخش نہیں تھی لیکن ون ڈے سیریز میں اچھا کھیل پیش کیا۔
مکی آرتھر نے کہا کہ ٹیسٹ ٹیم کے ساتھ بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان کی کرکٹ کی بہتری سے متعلق میرے پاس کئی منصوبے ہیں، نجم سیٹھی اور میرے تعلقات ہمیشہ اچھے رہے ہیں،اگر نجم سیٹھی نہ ہوتے تو میں ٹیم ڈائریکٹر بھی نہ ہوتا۔
گزشتہ دنوں خبریں سامنے آئی تھیں کہ پاکستان کو 2017 میں چیمپینز ٹرافی جتوانے والے سابق کپتان سرفراز احمد سے قومی کرکٹ ٹیم کے نومنتخب ڈائریکٹر مکی آرتھر نے نے رابطہ کیا ہے اور ورلڈ کپ کے لیے قومی پلیئنگ اسکواڈ میں ان کی شمولیت کا امکان ہے۔