news
English

ورلڈکپ: پاک افغان میچ کا مقام تبدیل کرنے پر بات ہوئی تھی، آرتھر کی تصدیق

کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا اور افغانستان کے میچز کے مقامات تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی

ورلڈکپ: پاک افغان میچ کا مقام تبدیل کرنے پر بات ہوئی تھی، آرتھر کی تصدیق

قومی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے تصدیق کی ہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے افغانستان کے خلاف میچ کا مقام تبدیل کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی تھی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے بحث و مباحثے ہوئے لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہماری ٹیم کسی بھی مقام پر کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر بھارت میں شیڈول ورلڈکپ 2023 کیلئے دو لیگ میچوں کے مقامات کو تبدیل کرنے کی درخواست دی تھی۔

بورڈ نے 20 اکتوبر کو بنگلورو میں آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان سے شیڈول میچ کے مقامات کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، درخواست میں کہا گیا تھا کہ 20 اکتوبر کو بنگلورو آسٹریلیا کے بجائے افغانستان سے جبکہ 23 اکتوبر کو چنئی میں افغانستان کے بجائے آسٹریلیا سے میچ کروایا جائے۔

تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے درخواست ماننے سے انکار کردیا تھا۔

ممکنہ شیڈول کے مطابق پاکستان 6 اکتوبر اور 12 اکتوبرکو کوالیفائر ٹیمز کے خلاف میدان میں اُترے گی، یہ دونوں میچز حیدرآباد دکن میں شیڈول ہیں۔ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول ہے، جہاں پلیئرز کی سیکیورٹی کے مسائل پیش آسکتے ہیں۔

اسی طرح قومی ٹیم 20 اکتوبر کو آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو افغانستان کے مدمقابل آنا چاہتی تھی جس پر پی سی بی نے وینیوز تبدیل کرنے کی درخواست کی تھی۔

گرین شرٹس 27 اکتوبر کو چنائی میں جنوبی افریقہ، 31 اکتوبرکو کولکتہ میں بنگلہ دیش، 5 نومبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف بنگلور اور 12 نومبر کو انگلیںڈ کے خلاف کولکتہ میں مدمقابل آئیں گی۔