پی سی بی کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ آرتھر 18 اپریل کو لاہور پہنچیں گے۔
کرکٹ پاکستان کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پی سی بی سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو پاکستان ٹیم کا کنسلٹنٹ مقرر کرنے کے لیے تیار ہے۔
مکی آرتھرآج سے شروع ہونے والی پاک نیوزی لینڈ سیریز کےدوران پاکستانی ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ نجم سیٹھی نے انکشاف کیا کہ آرتھر 18 اپریل کو لاہور پہنچیں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ دو غیر ملکی کوچ پہلے ہی لاہور پہنچ چکے ہیں، جبکہ مکی آرتھر 18 اپریل کو آرہے ہیں۔ وہ کیویز کے خلاف سیریز کے ایک یا دو میچوں میں بھی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
ان کے دورے کا بنیادی مقصد اپنی ٹیم کو تیار کرنا، کھلاڑیوں کو تربیت دینا اور انہیں بریف کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ بابر اعظم اور دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ اپنے منصوبوں پر بھی بات کریں گے۔
نجم سیٹھی نے اس بارے میں بھی کھل کر کہا کہ وہ قومی ٹیم کے لیے غیر ملکی کوچنگ اسٹاف کو کیوں ترجیح دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی رائے پر قائم ہوں کہ غیر ملکی کوچز سیاست سے دور رہیں۔ وہ عام طور پر زیادہ پیشہ ور بھی ہوتے ہیں۔ پاکستان کے پاس اچھے پیشہ ور کوچز بھی دستیاب ہیں، لیکن ہماری ثقافت میں دوستی فیصلہ سازی میں اہم وزن رکھتی ہے۔ پیشہ ورانہ کرکٹ میں، جہاں آپ اعلیٰ سطح پر مقابلہ کرتے ہیں، یہ چیزیں موجود نہیں ہونی چاہئیں۔ پیشہ ورانہ اخلاقیات کو مکمل طور پر اپنانا ضروری ہے۔ سیٹھی نے کہا کہ اس لیے غیر ملکی کوچز کا ہونا ضروری ہے۔
اس سے قبل میڈیا ذرائع نے بتایا تھا کہ گرانٹ بریڈ برن اور اینڈریو پیوٹک پاکستان وائٹ بال اسکواڈ کو 11اپریل کو جوائن کرلیں گے۔ گرانٹ بریڈبرن کو قومی کرکٹ ٹیم کا ہیڈکوچ مقرر کیا جائیگا جبکہ اینڈریو پیوٹک کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بیٹنگ کوچ مقرر کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں عمرگل قومی وائٹ بال اسکواڈ کے بو لنگ کوچ مقرر ہوں گے۔ عمرگل 6اپریل سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شروع ہونے والے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کررہے ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ آج لاہور میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹی ٹوئنٹی 15اور 17اپریل کو تیسرا ٹی ٹوئنٹی لاہور ہی میں کھیلا جائے گا۔چوتھا اور پانچواں ٹی ٹوئنٹی 20اور 24اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد پانچ میچز کی ون ڈے سیریز شروع ہوگی، پہلا اور دوسرا ون ڈے 27اور 29اپریل کو راولپنڈی میں کھیلا جائے گا،تیسرا ، چوتھا اور پانچواں ون ڈے بالترتیب 3، 5اور 7مئی کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔