news
English

’’ڈبل رول‘‘ کے حامل مصباح کو مدد کی ضرورت پڑ گئی

پاکستان میں ڈبل رول کا یہ تجربہ پہلی بار کیا جا رہا ہے

’’ڈبل رول‘‘ کے حامل مصباح کو مدد کی ضرورت پڑ گئی فوٹو: اے ایف پی

لاہور: ’’ڈبل رول‘‘ کے حامل مصباح الحق کو مدد کی ضرورت پڑ گئی اور پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر کیلیے اشتہار جاری کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کی لہر مسلسل چل رہی ہے، ڈومیسٹک اسٹرکچر یکسر تبدیل ہوا، ڈپارٹمنٹس اور ریجنز کو ختم کرکے 6 صوبائی ٹیمیں متعارف کرائی گئیں، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور معاون اسٹاف کو فارغ کیے جانے پر مصباح الحق نے ایک طاقتور شخصیت کا روپ دھار لیا، وہ کوچنگ کے ساتھ سلیکشن اختیارات کے بھی مالک بن چکے ہیں۔

پاکستان میں ڈبل رول کا یہ تجربہ پہلی بار کیا جا رہا ہے، اس ضمن میں سوالات اٹھ رہے تھے کہ سابق کپتان بطور ہیڈ کوچ قومی ٹیم کے ساتھ سرگرمیوں خاص طور پر بیرون ملک ٹورز کی صورت میں چیف سلیکٹر کی ذمہ داریوں سے کس طرح انصاف کرپائیں گے،اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش میں پی سی بی نے ایک اور نیا تجربہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قومی سلیکشن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر کی تقرری کیلیے اشتہار جاری کردیا۔

امیدوار کیلیے لیول ٹو کوچ اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا تجربہ ہونا ضروری ہے،6صوبائی ٹیموں کے کوچز اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کے درمیان رابطہ پل کا کردار ادا کرنا کوآرڈینیٹر کی ذمہ داری ہوگی۔

ترجمان پی سی بی نے واضح کیاکہ کوآرڈینیٹر سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہوگا، وہ صرف کوچز سے رابطہ کرکے پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متعلق رپورٹس تیار کرکے ہیڈکوچ کے سامنے رکھے گا۔

ذرائع کے مطابق اس عہدے کیلیے قومی ٹیم کے سابق کپتان و کوچ معین خان کے بھائی ندیم خان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، 2ٹیسٹ اور اتنے ہی ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے سابق کرکٹر کو ڈومیسٹک کرکٹ کا بہتر علم ہونے کی وجہ سے اس ذمہ داری کیلیے مقرر کیا جا سکتا ہے۔