news

مصباح الحق نے بھی ٹیم میں تبدیلی کا مشورہ دے دیا

بھارت سے عبرتناک شکست کے بعد گرین شرٹس کے کپتان کو ہر جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

مصباح الحق نے بھی ٹیم میں تبدیلی کا مشورہ دے دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے بھی قومی ٹیم میں تبدیلی کا مشورہ دے دیا۔ 
سابق کپتان مصباح الحق نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد آوٹ آف فارم شاداب خان کو ٹیم سے ڈراپ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ 
نجی اسپورٹس چینل کے پروگرام میں پوچھے گئے ایک سوال کہ کیا آؤٹ آف فارم شاداب اور نواز کو ٹیم کا حصہ ہونا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ نواز پھر بھی بہتر بولنگ کررہا ہے اور اگر آپ اس کی آخری دو تین میچوں کی کارکردگی دیکھیں تو اس کی بیٹنگ میں بھی اعتماد نظر آیا ہے۔ 
مصباح الحق نے کہا کہ شاداب خان بال کو ٹھیک جگہ پر لینڈ نہیں کرپارہا۔ جب آپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کھیل رہے ہوتے ہیں ایک طویل عرصے سے اور آپ کو اچانک 50 اوور کی کرکٹ کھیلنی پڑتی ہے تو مشکل ہوتی ہے۔ 
مصباح الحق نے کہا اب وقت ہے کہ ہم اسامہ میر کی طرف جائیں جو آپ کے پاس اسکواڈ میں موجود ہے کیونکہ اب اگلے میچوں میں ڈو اور ڈائی جیسی صورتحال ہوگی۔ 
قبل ازیں سابق کرکٹر اظہر علی نے بھی آسٹریلیا کے خلاف میچ میں نائب کپتان شاداب خان کو آرام کروا کر اسامہ میر کو موقع دینے کا مشورہ دیا تھا۔