news
English

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چھیڑ چھاڑ کا وقت نہیں، مصباح الحق  

ایشیاء کپ میں پاکستان کی شکست پر کسی ایک پلیئر کو موردالزام ٹھہرانا درست نہیں، سابق کپتان

ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم میں چھیڑ چھاڑ کا وقت نہیں، مصباح الحق  

قومی ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ قریب ہے اور میگا ایونٹ کے لیے اس وقت پاکستانی ٹیم میں چھیڑ چھاڑ کا وقت نہیں ہے۔ 
انہوں نے کہا امید ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا،ایشیاء کپ جیت کر بھارتی ٹیم مضبوط بن کر سامنے آئی ہے، پاکستان کی کارکردگی کا رونا رونے والے سری لنکا کی حالت کو دیکھیں۔
 
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ میں پاکستان کی شکست پر افسوس ضرور ہوا لیکن کسی ایک شخص کو موردالزام ٹھہرانا درست نہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ 228 رنزسے شکست صرف کپتان کہ وجہ سے نہیں ہوٸی،آپ کی پوری ٹیم کو شکست ہوٸی ،غلطیاں ہوٸی ہیں، لیکن یہی ٹیم بہتر ہے، تاہم ہمیں اپنی پرفارمنس بہتر کرنی ہے،اس ناکامی سے پاکستان کا اعتماد ضرور متاثر ہوا ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم ہمیشہ مشکل حالات سے باہر نکلی ہے، مجھے امید ہے یہی ٹیم ورلڈ کپ میں  بہتر پرفارم کرے گی۔
 
مصباح الحق نے کہا کہ قومی ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے جواب سلیکشن کمیٹی دے گی،ہمارا اسپن کا شعبہ درست طریقے سے پرفارم نہیں کر سکا، کھلاڑیوں میں کمی نہیں ہے لیکن بہتری کی گنجاٸش ہے، ان ہی  پلیٸرز نے ماضی میں بھی پرفارم کرکے دکھایا ہے، بھارت کی ٹیم اس وقت بہت اچھی ہے، ورلڈکپ ایک نیا ایونٹ ہے، کنڈیشن مشکل ہوگی، 100 سال بعد بھی پاکستان ہارے گا تو آپ مجھ پر ڈال دیں گے۔ 
سابق کپتان نے کہا کہ بھارت کی کنڈیشنز پاکستان کو سپورٹ کریں گی، بھارت میں پاکستانی بیٹنگ کو سپورٹ ملے گی، مکی آرتھر اگر انگلینڈ میں بیٹھے ہیں تو یہ سوال نجم سیٹھی سے کرنا چاہیے،اس وقت صورتحال ایسی ہے کہ اب زیادہ تبدیلیاں نہیں کرسکتے،اگر زیادہ تبدیلیاں کریں گے تو ٹیم کا ماحول خراب ہوجاٸے گا۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ ایک بری پرفارمنس پر پینک بٹن نہ دباٸیں، یہی شاداب خان تھا جس نے ماضی میں پرفارمنس دی ہے، یہی ٹیم نمبر ون بھی بنی ہے۔