news
English

اعظم خان سے کہا تھاکہ اپنی فٹنس پر سخت محنت کریں، محمد حفیظ

محمد حفیظ نے پاکستانی کوچز کے بارے میں وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کے تبصرے کا جواب دے دیا۔

اعظم خان سے کہا تھاکہ اپنی فٹنس پر سخت محنت کریں، محمد حفیظ

سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ اعظم خان سے کہا تھا اپنی فٹنس پر سخت محنت کریں،وہ صرف اس صورت پلانز میں رہیں گے جب وہ اپنی فٹنس کے حوالے سے ٹھوس نتائج دکھاتے ہیں لیکن ان دو مہینوں میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ 
محمد حفیظ نے پاکستانی کوچز کے بارے میں اعظم خان کے تبصرے کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاتا۔  
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے آئی ایل ٹی 20 لیگ کے دوران ایک انٹرویو میں پاکستانی کوچز کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا تھا کہ مقامی کوچز ان کے ساتھ اچھے رویے کا مظاہرہ نہیں کرتے اور انہیں بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کے مواقع نہیں ملتے۔ 
اعظم خان نے آئی ایل ٹی 20 کے دوران ڈیزرٹ وائپرز کی نمائندگی کی تھی اور انہیں حال ہی میں کیریبین پریمیئر لیگ میں اچھی کارکردگی دکھانے کے بعد نیوزی لینڈ کے ساتھ ہونے والی سیریز کے لیے منتخب کیا گیاتھا۔
پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز نے یہ بھی کہا کہ ان کا جسمانی وزن ہمیشہ طنز کا نشانہ بنتا ہے اور غیرملکی کوچز نے ان کی فٹنس پر توجہ دینے کے بجائے ان کی صلاحیتوں سے بہترین فائدہ اٹھایا مگر مقامی کوچز انہیں ناروا سلوک کا نشانہ بناتے ہیں۔ 
اس پر پاکستان ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے دور میں انہوں نے اعظم خان سے کہا کہ وہ اپنی فٹنس پر سخت محنت کریں کیونکہ ان کی فٹنس جدید کھیل کی ضروریات کے مطابق بہتر بنانے کا فائدہ انہیں ہی ملے گا۔ محمد حفیظ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ انہیں اسکواڈ میں ان کی شاندار پاور ہٹنگ اسکلز اور صلاحیتوں کی وجہ سے شامل کیا گیا ہے نہ کہ ان کی فٹنس کی وجہ سے اور وہ صرف اس صورت میں پلانز میں رہیں گے جب وہ اپنی فٹنس کے حوالے سے ٹھوس نتائج دکھاتے ہیں لیکن ان دو مہینوں میں کوئی بہتری نہیں آئی۔  
واضح رہے کہ اعظم خان اس وقت پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر رہے ہیں جس نے حال ہی میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف دو بیک ٹو بیک میچ ہارے ہیں۔
دوسری جانب سابق کرکٹر مصباح الحق نے، جو کہ اعظم خان کے پاکستان میں ڈیبیو کے وقت ٹیم کے ہیڈ کوچ تھے، اعظم خان کی مجموعی فٹنس کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا اور نظم و ضبط میں معمولی بہتری لانے کا مشورہ دیا۔ 
مصباح الحق نے کہا کہ "میں یہ تجویز نہیں کر رہا ہوں کہ اعظم خان کو دبلا پتلا ہونے کی ضرورت ہے، لیکن ان کی مجموعی فٹنس کھیل میں بہترین کارکردگی کے لیے کافی ہونی چاہیے۔ اس  لیے اپنے نظم و ضبط کو بھی تھوڑا بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔"