news
English

مصباح الحق کا صائم ایوب کو اپنی تکنیک بہتر بنانے کا مشورہ

 پیسرز اور اسپنرز دونوں کی فل ڈلیوریز کے خلاف ان کی تکنیک پر تشویش ہے، سابق کپتان۔

مصباح الحق کا صائم ایوب کو اپنی تکنیک بہتر بنانے کا مشورہ

قومی ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے صائم ایوب کو اپنی تکنیک بہتر بنانے کا مشورہ دے دیا۔ 
آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں امام الحق کو ڈراپ کرکے پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے صائم ایوب کو ڈیبیو کا موقع دیا گیا تھا تاہم وہ پہلی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے اور دوسری باری میں انھوں نے 53 بالز پر 33 رنز بنائے تھے۔ اس دوران انھوں نے مچل اسٹارک کو ایک چھکا اور پیٹ کمنز کو باؤنڈری بھی جڑی تھی۔ 
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور کوچ مصباح الحق کہتے ہیں کہ صائم ایوب نے اپنے پہلے ٹیسٹ میں زبردست ٹیمپرامنٹ کا اظہار کیا، مختصر اننگز کے دوران انھوں نے آسٹریلوی بولرز کے خلاف اٹیک بھی کیا جس سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ پاکستان کے لیے ایک اثاثہ ثابت ہوسکتے ہیں تاہم انھیں اپنی تکنیک میں تھوڑی بہتری لانے کی ضرورت ہے، خاص طور پر پیسرز اور اسپنرز دونوں کی فل ڈیلیوریز کے خلاف ان کی بلے بازی کی تکنیک پر تشویش ہے، انھیں اس طرف توجہ دینا ہوگی۔