news

نجم سیٹھی کی پی سی بی میں واپسی، محمد عامر کا خوشی کا اظہار

محمد عامر اس وقت ٹیم میں واپس آئے تھے جب نجم سیٹھی پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین تھے۔

نجم سیٹھی کی پی سی بی میں واپسی، محمد عامر کا خوشی کا اظہار

وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز نجم سیٹھی کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے اگلے 120 دنوں کے آپریشنز کی قیادت کرے گی۔

پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے نجم سیٹھی کو پی سی بی کی 14 رکنی مینیجمنٹ کمیٹی کا سربراہ مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر لکھا۔۔۔ صحیح کام کے لیے صحیح آدمی، نجم سیٹھی صاحب کو مبارکباد۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے لاہور میں پی سی بی ہیڈ کوارٹر پہنچنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بحالی کے لیے کام کریں گے، گورننگ بورڈ کو اصل شکل میں بحال کریں گے، اس کے بعد نیا سیٹ اپ آئے گا، ہمارا بنیادی ہدف ڈومیسٹک کرکٹ کی بحالی ہے، کرکٹرز کو روزگار ملے گا، دو یا تین دن میں ہونے والے اجلاس میں اہم فیصلے ہوں گے۔ 

واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بالر محمد عامر نے 2010 میں انگلینڈ سیریز کے بعد اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کے باعث ٹیم سے باہر ہونے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کی تھی۔

جب محمد عامر ٹیم میں واپس آئے تو نجم سیٹھی پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین تھے۔