محمد عامر نے پاکستان سپر لیگ میں اپنی مسلسل شرکت اور کارکردگی کو اجاگر کرتے ہوئے قومی ٹیم میں اپنی شمولیت کا دفاع کیا۔
محمد عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے بغیر قومی ٹیم میں منتخب ہونے پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا۔ قومی ٹیم کے پیسر کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ یا ون ڈے جیسے فارمیٹس کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں تجربہ بہت ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلے بغیر ٹیم میں شمولیت پر تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا۔ فاسٹ بولر محمد عامر اور آل رائونڈرعماد وسیم نے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء سے قبل ریٹائرمنٹ واپس لینے کا اعلان کیا اور حالیہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی ایکشن میں دکھائی دیے، آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے بھی دونوں کھلاڑی اسکواڈ میں شامل ہیں تاہم حالیہ ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت نہ کرنے کے باوجود ٹیم میں شمولیت پر کچھ حلقوں کی جانب سے عامر اور عماد کو تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔
ناقدین کو دو ٹوک جواب دیتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستان کا سب سے بڑا ڈومیسٹک ٹی 20 ایونٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقدین سے پوچھتا ہوں کہ پی ایس ایل ٹی 20 ایونٹ کیا ہے؟
میں اور عماد ہم دونوں پی ایس ایل کھیل چکے ہیں اور پچھلے کئی سال سے مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے علاوہ دیگر لیگز میں بھی باقاعدہ سے دکھائی دیتے ہیں تو ہمیں فارمیٹ کے لیے منتخب کرنے میں کیا حرج ہے۔؟
محمد عامر نے یہ بھی کہا کہ ٹیسٹ یا ون ڈے جیسے فارمیٹس کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ میں تجربہ بہت ضروری ہے۔