news
English

محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ باصلاحیت بولر ہیں،سرفرازاحمد

میں نہیں چاہتا کہ جو میرے ساتھ ہوا وہ بابراعظم کے ساتھ بھی ہو، سابق کپتان

محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ باصلاحیت بولر ہیں،سرفرازاحمد

معروف یوٹیوبر نادر علی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹیم کے کپتان کے حوالے سے کیے گئے سوال پر کہا کہ بابراعظم کپتانی سیکھ رہے ہیں، ہر شخص میں بہتری کی گنجائش ہوتی ہے اور ہم سب غلطیاں کرکے ہی سیکھتے ہیں۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ محمد عامر، شاہین شاہ آفریدی سے زیادہ ہنر مند اور باصلاحیت بولر ہیں۔

پوڈ کاسٹ میں سرفراز احمد سے محمد آصف، عامر اور شاہین کو بطور پیسر ان کی صلاحیتوں کے مطابق درجہ بندی کرنے کو کہا گیا جس پر انہوں نے تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔

پاکستان کو آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی جتوانے والے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ بابراعظم ٹیم کی قیادت کرکے ہی کپتانی سیکھیں گے، وہ بتدریج بہتری کی جانب جارہے ہیں۔ سرفراز احمد نے کہا کہ میں نہیں چاہتا جیسا میرے ساتھ ہوا ویسا بابراعظم یا کسی اور کے ساتھ ہو، لیکن ٹیم اور کپتان بننے میں وقت درکار ہوتا ہے، میرا بابر کو مشورہ ہے کہ پلئیرز کے ساتھ روابط بڑھائیں اور پرفارمنس پر توجہ دیں۔

سابق کپتان نے انکشاف کیا کہ مجھے نہیں لگتا پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لئے یہ میرا آخری سیزن تھا۔

 سرفراز احمد نے کہا کہ پاکستانی اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان سب سے زیادہ دوستی دیکھی تاہم موجودہ دور میں دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ نہ ہونے کی وجہ سے تعلقات ایسے نہیں رہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے کوئی ایسے مسائل نہیں اس لیے بھارتی ٹیم کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیئے۔

وکٹ کیپر بلے باز نے کرکٹ میں اپنا استاد معین خان کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ مجھے وکٹ کیپر بننے کا شوق تھا، انہیں ہی دیکھ دیکھ کر بڑا ہوا، وہ چونکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈکوچ بھی ہیں تو ان سے سیکھتا رہتا ہوں۔