news
English

محمد عامر نے بابراعظم کے خلاف دل کی بھڑاس نکال دی

بی اور سی ٹیموں کے خلاف کھیلنے سے رینکنگ میں نمبر ون بیٹر بننا ہی ہے، پیسر

محمد عامر نے بابراعظم کے خلاف دل کی بھڑاس نکال دی

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے بابراعظم کے خلاف اپنے دل کی بھڑاس نکال دی۔ 
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور فاسٹ بولر محمد عامر میں تعلقات خاصے عرصے سے کچھ زیادہ اچھے نہیں ہیں، گذشتہ پی ایس ایل کے دوران بھی دونوں کی چپقلش کا معاملہ زیربحث رہا، اب محمد عامر نے موقع دیکھ کر چوکا لگاتے ہوئے کپتان بابراعظم اور ان کی ون ڈے بیٹرز رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کو نشانے پر رکھ لیا۔ 
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کہا کہ آئی سی سی رینکنگ ہفتے بعد تبدیل ہوتی ہے، جب آپ کو ہی 40 میں سے 40 میچز کھیلنے ہیں تو پھر کسی میں 25 رنز بنائیں گے، کسی میں 50 تو کبھی 60 پر 70رنز اسکور ہوں گے،ایسے میں رینکنگ میں آپ ہی اوپر آئیں گے، جوز بٹلر، ڈی کک اور ملر جیسے کرکٹر کیوں رینکنگ میں آگے نہیں آتے، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ بی اور سی ٹیموں کے خلاف میچز نہیں کھیلتے، وہ چھوٹی ٹیموں کے ساتھ ہونے والی سیریز میں آرام کرتے ہیں، اس لیے ان کی رینکنگ آگے نہیں بڑھتی، آپ کو 45 میں سے 40 میچز خود ہی کھیلنے ہیں تو پھر رینکنگ میں بھی آگے ہی آنا ہے۔
 
یاد رہے کہ بابراعظم اس وقت تمام فارمیٹس کے ٹاپ 5 میں موجود رہنے والے دنیا کے واحد بلے باز ہیں، ون ڈے میں وہ نمبر ون ہیں، ٹی 20 رینکنگ میں تیسرے اور ٹیسٹ کرکٹ میں چوتھے درجے پر موجود ہیں۔