news
English

محمد عامر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے لئے تین نام پیش کردیے  

بابراعظم کے قریبی دوستوں نے انہیں تینوں فارمیٹس میں کپتانی سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا ہے۔

محمد عامر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کے لئے تین نام پیش کردیے  

پاکستانی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے تین نام پیش کردیے۔ 
نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی کپتانی کیلئے الگ الگ نام پیش کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آل راؤنڈر عماد وسیم ٹی20 کپتان کے لیے موزوں امیدوار ہیں جبکہ ون ڈے کیلئے اگر آپ کپتان بدلنا چاہتے ہیں تو شان مسعود ایک بہت اچھا آپشن ہو سکتا ہے۔ 
محمد عامر نے ٹیسٹ فارمیٹ کیلئے تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو ٹیم کی قیادت سونپنے کی تجویز دی۔  
انہوں نے کہا کہ اگر آپ کسی نوجوان کو ٹیسٹ کرکٹ کی کپتانی کے لیے تیار کرنا چاہتے ہیں تو سرفراز کے پاس کرکٹ میں ابھی 2 سال باقی ہیں اس لیے انہیں کپتان بنانے کے ساتھ ساتھ کسی نوجوان کو ان کا نائب مقرر کریں تاکہ وہ ان کے تجربے سے سیکھ سکے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی ناقص پرفارمنس پر کپتان بابراعظم نے قیادت کے فرائض سے سبکدوش ہونے پر غور شروع کردیا ہے جس کیلئے انہوں نے رمیز راجہ سمیت اپنے قریبی ساتھیوں سے مشاورت بھی کی ہے۔  
رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ بابراعظم کے قریبی دوستوں نے انہیں تینوں فارمیٹس میں کپتانی سے دستبردار ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ 
بابراعظم کی قیادت میں پاکستان ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل سے پہلے ہی باہر ہوگیا اور قومی ٹیم کو بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور افغانستان کے خلاف شکستوں کا منہ دیکھنا پڑا۔ 
واضح رہے کہ رمیز راجہ کے دور میں ہی بابراعظم کو سرفراز احمد سے کپتانی چھین کر دی گئی تھی۔