news
English

محمد حارث پاکستان شاہینز کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان مقرر

محمد حارث اس سے قبل کولمبو میں اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2023 میں پاکستان شاہینز کی کپتانی کر چکے ہیں۔

محمد حارث پاکستان شاہینز کی وائٹ بال ٹیم کے کپتان مقرر

نوجوان کرکٹرمحمد حارث کو آسٹریلیا کے شہر ڈاروین میں 4 سے 18 اگست تک شیڈول 50 اوور کے دو میچوں اور نو ٹیموں کی ٹاپ اینڈ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان شاہینز کی جانب سے وائٹ بال کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ 
حارث نے اس سے قبل کولمبو میں اے سی سی مینز ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ 2023 میں پاکستان شاہینز کی کپتانی کی تھی، جہاں انہوں نے فائنل میں بھارت کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل پاکستان کے نام برقرار رکھا تھا۔ 
پاکستان شاہینز اس وقت بنگلہ دیش اے کے خلاف 19 سے 22 جولائی اور 26 سے 29 جولائی تک دو، چار روزہ میچوں کے لیے ڈاروین میں ہیں۔ ان کے 50 اوورز کے میچ 4 اگست کو ناردرن ٹیریٹری (این ٹی) اور 6 اگست کو بنگلہ دیش اے کے خلاف ہوں گے، اس سے قبل ٹی 20 سیریز 9 اگست سے شروع ہوگی جس میں رینیگیڈز، میلبورن اسٹارز، پرتھ اسکارچرز، ناردرن ٹیریٹری اسٹرائیک، ایڈیلیڈ اسٹرائیکرز اور تسمانیہ شامل ہیں۔ 
وائٹ بال کے میچز کے لیے ریڈ بال اسکواڈ میں سات تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عبدالفصیح، عرفات منہاس، عارف یعقوب، جہانداد خان، محمد حارث، محمد عمران جونیئراور عثمان خان، کامران غلام، خرم شہزاد، مہران ممتاز، محمد علی، مبصر خان، طیب طاہر اور عمرامین کی جگہ لیں گے۔ 
یہ مسلسل دوسرا سال ہوگا جب پاکستان شاہینز ڈاروین سیریز میں شرکت کر رہی ہے۔ پچھلے سال، این ٹی اسٹرائیک نے ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز کے فائنل میں شاہینز کو 46 رنز سے شکست دی تھی، لیکن شاہینز نے پی این جی کے خلاف ون ڈے میچز میں 224 رنز سے اور ناردرن ٹیریٹری اسٹرائیک کو 84 رنز سے شکست دی تھی۔ 
پاکستان شاہینز کا اسکواڈ:
محمد حارث (کپتان)، عبدالفصیح، عرفات منہاس، عارف یعقوب، فیصل اکرم، حسیب اللہ (وکٹ کیپر/بیٹر)، محمد عرفان خان، جہانداد خان، کاشف علی، محمد ہریرہ، محمد عمران جونیئر، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان ، شاہنواز دہانی اور عثمان خان۔ 
پلیئر سپورٹ پرسنل:
عبدالرحمان (ہیڈ کوچ)، محمد مسرور (اسسٹنٹ کوچ کم مینیجر)، محمد اسد (فزیو تھراپسٹ)، عمران اللہ (ٹرینر) اور عثمان ہاشمی (تجزیہ کار)۔ وائٹ بال میچوں کا شیڈول: 
4 اگست - 50 اوور کا میچ بمقابلہ ناردرن ٹیریٹری (این ٹی)۔ 
6 اگست - 50 اوور کا میچ بمقابلہ بنگلہ دیش 'اے'۔
10 اگست - بمقابلہ پرتھ اسکارچرز (ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز)
11 اگست - بمقابلہ میلبورن اسٹارز (ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز)
13 اگست - بمقابلہ تسمانیہ (ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز)
15 اگست - بمقابلہ میلبورن رینیگیڈز (ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز)
16 اگست - بمقابلہ بنگلہ دیش 'A' (ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز)
17 اگست - بمقابلہ اے سی ٹی کمیٹس (ٹاپ اینڈ ٹی 20 سیریز)