news
English

پاکستان شاہینز کے فاتح کپتان محمد حارث بھارتی رویے پر برس پڑے

ہم نے نہیں کہا تھا کہ ایمرجنگ ایشیاکپ میں چھوٹے بچے لے کر آئو،محمد حارث کا تنقید پر کراراجواب

پاکستان شاہینز کے فاتح کپتان محمد حارث بھارتی رویے پر برس پڑے

حال ہی میں ختم ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 میں پاکستان شاہینز کے فاتح کپتان محمد حارث نے اپنی ٹیم کی کامیابی کے حوالے سے بھارتی کرکٹرز اور شائقین کی بے جا تنقید کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ 
ایمرجنگ کپ کی جیت کا جشن پاکستانی شائقین نے بھرپور انداز میں منایا مگر کچھ ناقدین کا کہنا تھا کہ یہ میچ تجربہ کار پاکستانی کھلاڑیوں اور نسبتاً نوجوان بھارتی ٹیم کے درمیان مقابلے جیسا تھا۔ 
پاکستانی ٹیم میں بین الاقوامی تجربہ رکھنے والے کھلاڑی شامل تھے جیسے کہ محمد حارث، محمد وسیم جونیئر، شاہنواز دھانی اور صائم ایوب وغیرہ، جبکہ انڈیا اے کا سکواڈ بنیادی طور پر نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل تھا، جس کی قیادت 20 سالہ یش دھول کر رہے تھے۔ 
اپنے ردعمل میں فاتح ٹیم کپتان محمد حارث نے کہا کہ ہم نے نہیں کہا تھا کہ ایمرجنگ ایشیاکپ میں چھوٹے بچے لے کر آو، فائنل میں شکست کےبعد کہا گیا کہ پاکستان کے انٹرنیشنل کھلاڑی تھے اور بھارت کے چھوٹے لڑکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے کھلاڑیوں نے بھی چند میچ کھیلے تھے اور بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاس بھی آئی پی ایل کا تجربہ تھا۔ محمد حارث نے کہا کہ ہم نے کتنے بین الاقوامی میچ کھیلے ہیں؟ صائم نے 5 کھیلے ہیں، میں نے 6 کھیلے ہیں جب کہ وہ لوگ (بھارتی کھلاڑی) 260 آئی پی ایل میچ کھیل چکے ہیں تو ایسے میں یہ کہنا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے پاس کھیل کا زیادہ تجربہ تھا، کچھ مناسب بات نہیں۔