news
English

محمد کیف کی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے سیمی فائنلسٹس کی پیش گوئی

محمد کیف ہندوستان کے امکانات کے بارے میں پر امید ہیں، یہ کہتے ہوئے کہ موجودہ اسکواڈ آسٹریلیا میں 2022 ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیم سے زیادہ مضبوط ہے۔

محمد کیف کی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے سیمی فائنلسٹس کی پیش گوئی

سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر محمد کیف نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کیلئے ٹاپ فور ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کردی۔ 
مقامی نیوز ایجنسی سے بات چیت کرتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر محمد کیف نے کہا کہ بھارت، نیوزی لینڈاور ویسٹ انڈیز کے علاوہ آسٹریلیا یا پاکستان ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جگہ پکی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم آئی سی سی ایونٹس میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتی آئی ہے، آپ انہیں ٹاپ فور سے باہر نہیں کرسکتے جبکہ ویسٹ اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہی ہے تو انہیں کنڈیشنز کا فائدہ ہوگا۔  
محمد کیف نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ پاکستان یا آسٹریلیا میں سے سیمی کیلئے کون اپنی جگہ پکی کرے گا لیکن اگر پاکستان سیمی یا فائنل میں کہیں ملتا ہے تو پاک بھارت میچ سے بہتر کیا ہوسکتا ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ موجود اسکواڈ آسٹریلیا میں 2022 ورلڈکپ میں سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیم سے زیادہ مضبوط ہے، اسپنرز اور فاسٹ بولرز کا اچھا کمبی نیشن ہے جو دنیا کی بڑی ٹیموں کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ 
واضح رہے کہ ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا، گروپ اے کی ٹاپ 2 ٹیمیں پاکستان اور بھارت 9 جون کو نیوریاک میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی۔ 

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈکپ سے قبل وارم اَپ میچز کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس میں 17 ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ پاکستان، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ان میچز کا حصہ نہیں ہوں گی۔