قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ان دنوں کپتان بابراعظم کے ساتھ امریکی شہربوسٹن میں موجود ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپربلے بازمحمد رضوان کی بوسٹن کی ایک سڑک پرنماز ادا کرتے ہوئے ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے اور اس پر صارفین خوب تبصرے بھی کررہے ہیں۔
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز ان دنوں کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ہارورڈ بزنس اسکول میں بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس (بی ای ایم ایس) کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام میں حصہ لینے کی غرض سے امریکا میں موجود ہیں۔
مذہبی عقیدت کے لیے منفرد پہچان رکھنے والے محمد رضوان نے سڑک پر نماز کی ادائیگی سے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔ صارفین کی بڑی تعداد نے اس عمل کو سراہتے ہوئے کھلاڑی کی تعریف کی اور ستائشی تبصرے کیے۔
ایک صارف نے وکٹ کیپر کا کلپ شیئر کرتے ہوئے اسے محمد رضوان کی شخصیت کا خوبصورت پہلو قراردیا۔ ایک اور ویڈیو میں کھلاڑی کو اذان دیتے ہوئے دیکھاجاسکتا ہے۔
اس سے قبل ہارورڈ بزنس اسکول کے ایگزیکٹو ایجوکیشن پروگرام کے آخری دن رضوان نے اپنی ٹیچر کو قرآن پاک کا تحفہ دے کر عوام کے دل جیت لیے تھے۔
ہارورڈ کا یہ پروگرام بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اور اسپورٹس کے شعبوں پر توجہ مرکوزکرتا ہے، بابراعظم اور محمد رضوان نے 31 مئی سے 3 جون تک بوسٹن، میساچوسٹس ٓکے نامور ہارورڈ بزنس اسکول کیمپس میں کلاسز میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اور محمد رضوان کرکٹ گرائونڈ کے علاوہ بھی مرکز نگاہ رہتے ہیں،رضوان کو خصوصاً مختلف ممالک کے دوروں کے دوران اپنی تقاریر کے ذریعے اسلام کا پیغام پھیلانے کی کوششوں کے لئے پہچانا جاتا ہے۔