news
English

عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر راشد لطیف، رضوان اور شاداب کا ردعمل

قومی کرکٹرز کا آل راؤنڈر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار۔

عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر راشد لطیف، رضوان اور شاداب کا ردعمل

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور لیگ اسپنر شاداب خان کا ردعمل سامنے آگیا۔ 
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے محمد رضوان نے عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان کے لئے بین الاقوامی کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے آپ کے پاس ابھی کئی سال باقی ہیں، زندگی کے ہر پہلو میں آپکے کے لئے نیک خواہشات ہیں، ہر قدم پر کامیاب رہیں۔،، 
لیگ اسپنر شاداب خان نے عماد وسیم کو شاندار کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کھیل کر خوشی ہوئی، کیرئیر کی نئی اننگز میں آپکے لیے نیک خواہشات ہیں۔  
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آل راؤنڈر عماد وسیم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور مداحوں کو حیران کردیا تھا۔ 
دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کے اچانک سوشل میڈیا پر تمام فارم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑگئی ہے، مداحوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے نوجوان کھلاڑیوں کا اس طرح جانا بورڈ کی ناکامی ہے۔  
قومی ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا تھا کہ عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہیے، وہ پاکستان کے سب سے اچھے اسپنر ہیں، ان کی بیٹنگ سے بھی قومی ٹیم کو بہت مدد مل سکتی ہے۔ آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ورلڈکپ کا ذکر کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کہا کہ ’’اگر ٹیم کا سب سے کارآمد کھلاڑی نہیں ہوگا تو اس میں عماد وسیم کا نہیں بلکہ ملک کا نقصان ہے‘‘۔