افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد کرکٹ برادری پاکستانی ٹیم کے کپتان اور پوری ٹیم کو اس ناکامی پر شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت کئی کرکٹرز کو روتے ہوئے دیکھا گیا۔ سابق کھلاڑیوں نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ افغانستان کے خلاف شرمناک ہار کے بعد کپتان بابراعظم سمیت کئی قومی کرکٹرز کو ہوٹل میں روتے ہوئے دیکھا گیا، جس کی سابق کرکٹرز نے تصدیق بھی کی۔ افغان ٹیم کیخلاف شکست نے کرکٹرز کے دل و دماغ پر گہرا اثر ڈالا ہے۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی گراؤنڈ میں بھی افغانستان کے خلاف شکست کے بعد پریشان اور کئی مایوس نظر آرہے تھے۔
قومی ٹیم کے نام ور بلے باز محمد یوسف کا کہنا ہے کہ اس شکست کے بعد کرکٹ برادری پاکستان کے کپتان اور ٹیم کو ان کی اہم ناکامی پر شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ میں نے افغانستان کے خلاف شکست کے بعد بابر اعظم کو روتے ہوئے سنا۔ اس میں صرف بابر کا قصور نہیں، پوری ٹیم اور انتظامیہ اس ناکامی میں ملوث ہے مگر ہم اس مشکل وقت میں بابراعظم کے ساتھ ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔،،
افغانستان کے ہاتھوں شکست کے بعد قومی ٹیم کے سیمی فائنل کھیلنے کی امیدیں اگر مگر کا شکار ہوچکی ہیں، ورلڈکپ میں پاکستان نے 5 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 3 ہارے جبکہ 2 میں فتح نصیب ہوئی ہے۔
اگلے میچز میں قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ، 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش، 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔