news
English

ورلڈ کپ:حارث رؤف، شاہین آفریدی،زمان خان، نسیم شاہ، احسان اللّٰہ بہترین بالرہیں

پاکستان کے سابق اسٹار بلے باز محمد یوسف کا کہنا ہے کہ بھارت کو پاکستان آنا چاہیے جبکہ پاکستان کو بھارت جانا چاہیے

ورلڈ کپ:حارث رؤف، شاہین آفریدی،زمان خان، نسیم شاہ، احسان اللّٰہ بہترین بالرہیں

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم، سابق اسٹار بلے باز انضمام الحق کا نعم البدل بن سکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے محمد یوسف کا کہنا تھا یہ بہت ضروری ہے کہ بچے گراؤنڈ میں آکر کرکٹ کھیلیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی ماڈل ٹاؤن گرینز سے وہاب ریاض، سلمان بٹ اور اعزاز چیمہ جیسے کھلاڑی سامنے آئے، ایسے کیمپس کا ہونا بہت کرکٹ کے لیےضروری ہے۔ 

محمد یوسف کا کہنا تھا کہ پہلے دور والی کرکٹ اب نہیں ہوتی، میچز آئی سی سی اور بورڈ ممبرز پلان کرتے ہیں۔ 

قومی ٹیم کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے ریکارڈ ساز بیٹر نے کہا کہ پاکستان کی وائٹ بال فارمیٹ میں کارکردگی بہت اچھی ہے۔ پاکستان کے پاس حارث رؤف، شاہین آفریدی، زمان خان، نسیم شاہ اور احسان اللّٰہ جیسے بولرز ہیں جنہیں ورلڈ کپ میں کھلایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں سعید انور اور انضمام الحق جیسے کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلا ہوں۔ 

محمد یوسف نے کہا کہ بطور کرکٹر میں چاہتا ہوں کہ پاک بھارت ٹیمیں ایک دوسرے کے ساتھ کھیلیں، بھارت کو پاکستان آنا چاہیے جبکہ پاکستان کو بھارت جانا چاہیے۔ پاک بھارت کرکٹ دونوں حکومتوں کا ایشو ہے، یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تاخیر کیوں ہے؟ اس پر مجھے خود بھی حیرت ہے۔

ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پی سی بی کا آئی سی سی پر دباؤ ہے یا نہیں اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا۔