چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے چند روز قبل محسن خان سے بات کی، ذرائع
محسن خان اب قومی کرکٹ ٹیم کے منیجر کی پوسٹ کیلیے مضبوط امیدوار بن گئے۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے ہیڈ کوچ کیلیے بھی درخواست دی تھی، پی سی بی نے انھیں انٹرویو کیلیے بھی بلایا لیکن انتخاب مصباح الحق کا ہوا جس پر محسن خان کی ناراضی بھی سامنے آئی، ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے چند روز قبل محسن خان سے بات کی، امکان ہے کہ انھیں بورڈ میں اہم ذمہ داری دی جائے گی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر قومی ٹیم کا منیجر بننے کیلیے مضبوط امیدوار ہیں،اس عہدے کے بارے میں اعلان چند روز میں ہونا ہے، ماضی میں محسن خان کے مصباح الحق سے تعلقات بھی اچھے رہے تھے، پاکستان نے 2012 میں ٹیسٹ کی نمبر ون ٹیم انگلینڈ کو 3 میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کیا تو محسن خان کوچ اور مصباح الحق کپتان تھے۔