news
English

محسن نقوی آج کاکول ٹریننگ کیمپ کا دورہ کریں گے

کھلاڑیوں سے ملاقات اور افطار ڈنر ترتیب دیا جانے لگا

محسن نقوی آج کاکول ٹریننگ کیمپ کا دورہ کریں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ محسن نقوی آج کاکول میں قومی ٹیم کے فٹنس کیمپ کا دورہ کریں گے۔ 
ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ کھلاڑیوں کی ملاقات اور افطار ڈنر بھی پلان کیا جارہا ہے، کرکٹ بورڈ سربراہ کا ان دنوں معمول ہے کہ وہ دن بھر وزیرداخلہ کی اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں جبکہ رات کو پی سی بی کے معاملات دیکھنے لاہور پہنچ جاتے ہیں۔ 
گزشتہ شب بھی محسن نقوی نے 4 گھنٹے تک پی سی بی امور کی انجام دہی کے لئے میٹنگز کیں، جس میں کپتان اور کوچز کے معاملات جلد از جلد نمٹانے کے ساتھ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ 
سلیکٹرز کے ساتھ چیئرمین کرکٹ بورڈ بھی وقت نکال کر کاکول ٹریننگ کیمپ جائیں گے اور کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے اور انہی کے ساتھ افطار بھی کریں گے۔ 
 
دوسری جانب کوچنگ کے لیے مضبوط امیدوار سابق آسٹریلوی کرکٹر جیسن گلپسی کی اگلے ہفتے لاہور آمد کو شیڈول کیا جارہا ہے، ماضی میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ وابستہ رہنے والے یاسر عرفات کا نام بھی مجوزہ کوچز کی فہرست میں شامل ہے۔
غیرملکی کوچز کے ساتھ پاکستانی کوچز کی خدمات سے فائدہ اٹھایا جائے گا، قومی ٹیم کے لیے نئے مینجر کا تقرر ہونا بھی ابھی باقی ہے۔