صرف کپتان، کوچ اور دورہ انگلینڈ پر موجود سلیکٹرز کی رائے کافی نہیں، محسن نقوی
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے قومی ٹیم کا اعلان روک دیا۔
ذرائع کے مطابق ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے اسکواڈ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں تمام اراکین کو شامل نہ کرنے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ صرف کپتان، کوچ اور دورہ انگلینڈ پر موجود سلیکٹرز کی رائے کافی نہیں۔،،
انہوں نے کہا کہ ٹیم کے اعلان کیلئے سلیکشن کمیٹی میں شامل ہر فرد کی رائے لینا ضروری ہے، سلیکشن پراسس کو مکمل کیا جائے گا، بعدازاں ٹیم کا اعلان شام کے اوقات میں ہوگا۔
دوسری جانب ٹی20 ورلڈکپ کیلئے 24 مئی آئی سی سی ڈیڈ لائن کے مطابق آخری تاریخ ہے، میگا ایونٹ سے قبل ٹورنامنٹ میں شریک 20 میں سے 19 ٹیموں نے اپنے اپنے اسکواڈز کا اعلان کردیا ہے۔
اس وقت پاکستان واحد ٹیم ہے جس نے تاحال اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں، بورڈ ذرائع کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز کا پہلا ٹی20 اگر بارش کی نذر نہ ہوتا تو اگلے دن یعنی 23 مئی کو ٹیم کا اعلان کردیا جاتا۔
واضح رہے کہ امریکا میں میگا ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جون سے ہوگا، پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکاکے خلاف کھیلے گا بعد ازاں 9 جون کو روایتی حریف بھارت، 11 جون کو کینیڈا جبکہ 16 جون کو آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگا۔