فرنچائز نے سابق کرکٹر کو ٹیم ڈائریکٹر کی ذمہ داریاں سونپ دیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر معین خان کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہیڈ کوچ کے عہدے سے ہٹا کر ٹیم ڈائریکٹر مقرر کردیا۔
فرنچائز کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ معین خان ابتدائی ایڈیشن سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ منسلک ہیں، 8 سال تک ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دینے کے بعد اب انہیں نئے عہدے پر فائز کررہے ہیں۔
معین خان کی کوچنگ میں گلیڈی ایٹرز نے 2019 میں ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ دو مرتبہ رنر اَپ ٹیم رہی۔
گزشتہ کچھ سیزنز سے فرنچائز کی کارکردگی اچھی نہیں رہی، اس لیے اب گلیڈی ایٹرز کیلئے غیر ملکی کوچ کا تقرر کیا جائے گا۔
دوسری جانب فرنچائز کے اونر ندیم عمر نے معین خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ٹیم میں نئی ذمہ داریاں ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
پی ایس ایل کے نئے سیزن کے لیے الیکس ہیلز، مجیب الرحمان، شکیب الحسن، ٹام کوہلر کیڈمور، رحمن اللہ گرباز، ڈیوڈ ویزے، سکندر رضا، کولن منرو، جیمز ونس، راسی وان ڈیر ڈوسن، اور حضرت اللہ زازئی جیسے نامور کھلاڑی پہلے ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ڈرافٹ کے لیے سائن کر چکے ہیں۔