news

قومی ٹیم کے بالنگ کوچ مورنے مورکل کو پاکستان کا ویزا نہ مل سکا

مورنے مورکل کی آج سے شروع ہونے والے 4 روزہ قومی تربیتی کیمپ میں شرکت مشکوک، ذرائع

قومی ٹیم کے بالنگ کوچ مورنے مورکل کو پاکستان کا ویزا نہ مل سکا

قومی کرکٹ ٹیم کے غیرملکی بولنگ کوچ مورنے مورکل کو پاکستان کا ویزا نہیں مل سکا جس کی وجہ سے جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل دورہ سری لنکا کے لیے قومی تربیتی کیمپ میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے لیے کراچی نہیں پہنچ سکے۔

پی سی بی کے ذرائع کے مطابق آسٹریلیا میں قیام پذیر مورنے مورکل کو پاکستان کا ویزا جاری نہیں ہوسکا، ویزہ کے عدم اجرا کے سبب ان کی کراچی میں آج (منگل) سے شروع ہونے والے 4 روزہ قومی تربیتی کیمپ میں شرکت مشکوک ہوگئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ سمیت ہفتہ وار تعطیلات کے سبب پاکستانی سفارت خانے سے مورنے مورکل کو ویزا جاری نہیں ہوسکا، ہنگامی بنیادوں پر ویزہ جاری ہونے کی صورت میں وہ جمعہ تک جاری رہنے والے کیمپ میں شریک ہو سکتے ہیں بصورت دیگر وہ 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے سری لنکا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو جوائن کریں گے۔

 پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 16 جولائی سے گال کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا جبکہ سیریز کا دوسرا میچ 24 جولائی کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔