news

مورنے مورکل بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہونے کو تیار

جب بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آمنا سامنا ہوگا تو اس وقت مورنے مورکل بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا حصہ ہوں گے ۔

مورنے مورکل بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہونے کو تیار

مورنے مورکل بھارتی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل ہونے کو پر تول رہے ہیں، میڈئا رپورٹس کے مطابق جب بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں آمنا سامنا ہوگا تو اس وقت مورنے مورکل بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا حصہ ہوں گے۔ جنوبی افریقہ کے سابق لیجنڈ بولرپاکستان کے بعد اب بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کریں گے، گوتم گمبھیر نے ان کی تقرری کے لئے بھارتی بورڈ سے خصوصی درخواست کی تھی۔ جنوبی افریقہ کے سابق فاسٹ بولر مورنے مورکل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ کافی عرصہ منسلک رہے ہیں جبکہ گزشتہ سال بھارت میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران بھی وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلنگ کوچ کی حیثیت سے وہاں موجود تھے۔ 
بھارتی میڈیا کے مطابق مورنے مورکل بہت جلد ٹیم انڈیا کو جوائن کرنے والے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے بعد بولنگ کوچ پارس مہمبرے کی رخصتی کے بعد سے بھارتی مینز کرکٹ ٹیم کے اگلے بولنگ کوچ کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں اور اب اطلاعات ہیں کہ اگلے ماہ بنگلہ دیش کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز سے قبل سابق جنوبی افریقی فاسٹ بولر بھارتی ڈریسنگ روم میں شامل ہونے والے ہیں۔ 
کرک بز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مورنے مورکل ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے اسٹاف میں شامل ہوں گے، اس سے قبل یہ اطلاع بھی آئی تھی کہ مورنے مورکل سری لنکا کے دورے کے لیے بھارتی کیمپ کا حصہ ہوں گے لیکن وہ اپنے والد کی صحت کی خرابی کی وجہ سے وطن واپس چلے گئے تھے۔ 
اس وقت بھارتی ٹیم کے کوچنگ عملے میں ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، دو اسسٹنٹ کوچز ابھیشیک نائیر اور ریان ٹین ڈوشے، فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ اور ایک اسپن بولنگ کوچ شامل ہیں جبکہ مورنے مورکل کے جوائن کرنے سے فاسٹ بولنگ کوچ کابھی اضافہ ہو جائے گا۔ 
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے لیجنڈبولر مورنے مورکل انڈین پریمیئر لیگ کے 2024 کےایڈیشن میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔