news
English

ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی

پی ایس ایل کے اپنے آخری میچ میں بھی لاہور قلندرز کو ملتان سلطانز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا

ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو شکست دیدی PHOTO: PCB

پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے 29ویں میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنائے جس کے جواب میں عمر صدیق اور جیمز ونس نے ملتان سلطانز کے لیے بیٹنگ کا آغاز کیا لیکن صدیق 13 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔

شان مسعود اور جیمز ونس کے درمیان 50 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، ونس 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ شان مسعود نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، جانسن چارلز 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویزے اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے تو فخرزمان اور رکی ویسل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ویسل صرف 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد سہیل اختر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن محمد عباس نے انہیں بھی 5 رنز پر پویلین واپس بھیج دیا۔

حارث سہیل بھی 7 رنز بنانے کے بعد شاہد آفریدی کا شکار بنے، یہ پی ایس ایل میں حاصل کی جانے والی ان کی پاکستان میں پہلی وکٹ ہے، اس دوران فخرزمان بھی اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد آفریدی کا شکار بنے وہ 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سعد علی بھی صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

ڈیوڈ ویزے نے 30 رنز کی اننگز کھیلی اور گنارتنے 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے محمد عباس نے 3، شاہد آفریدی 2، محمد الیاس اور کرس گرین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔