سوشل میڈیا پر اس بارے میں جان کر سابق کرکٹر کے مداح حیران رہ گئے۔
بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا ہندوستانی ریلوے میں کلیکٹر کے طور پر کام کرنے کا اپائنٹمنٹ لیٹر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر بھارتی براڈ کاسٹر نے بلیوشرٹس کے لئے ورلڈکپ جیتنے والے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کا ہندوستانی ریلوے میں تقرری کا خط شیئر کیا، جسے مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا۔
دھونی بطور بلے باز بھارتی ٹیم میں کھیلنے سے قبل ہندوستانی ریلوے میں ٹکٹ کلیکٹر کے طور پر کام کرتے تھے، جس کا انہوں نے کئی پروگرامز میں برملا اظہار بھی کیا۔
سابق بھارتی کرکٹر واحد کپتان ہیں جنہوں نے 2007 میں ٹی20 ورلڈکپ،2011 میں آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ جبکہ 2013 میں چیمپئنز ٹرافی بھارت کو جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایم ایس دھونی آئی پی ایل میں چنائی سپر کنگز کو بھی 5 بار ٹائٹلز جتوانے والے پہلے کپتان ہیں۔
انتہائی پسماندہ طبقے سے اپنی محنت کے بل بوتے پر ترقی اور کامیابی حاصل کرکے دنیا بھر میں نام روشن کرنے والے ایم ایس دھونی کی جدوجہد اور کامیابی پر بالی ووڈ میں فیچرفلم بھی بنائی جاچکی ہے۔