news

گرائونڈ سے باہر بیٹھ کر میچ دیکھنا مشکل، دل کی دھڑکن بے قابو ہوجاتی تھی،شاداب

گرائونڈ کے باہر بیٹھ کر میچ دیکھنا میدان میں جیتنے کی جدوجہد سے زیادہ مشکل ہے، شاداب خان

گرائونڈ سے باہر بیٹھ کر میچ دیکھنا مشکل، دل کی دھڑکن بے قابو ہوجاتی تھی،شاداب

قومی ٹیم کے کھلاڑی شاداب خان نے ابھی تک ہونے والے چار میچوں میں سے کسی میں پرفارم نہیں کیا ہے لیکن وہ ہر میچ میں اپنی ٹیم کے ساتھ موجود تھے، اور اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند کر رہے تھے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی سات میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زبردست فتح حاصل کی۔

کھیل میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے، انگلینڈ جیتنے اور 3-1 کی برتری حاصل کرنے کے قریب تھا۔ لیکن حارث رؤف کے 19ویں اوور نے کھیل کا رخ موڑ دیا کیونکہ انہوں نے دو گیندوں پر دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ آخری اوور میں ریس ٹوپلے رن آؤٹ ہو گئے جس کی وجہ سے ہوم سائیڈ تین رنز سے جیت گئی اور سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔

سنسنی خیز مقابلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے نائب کپتان شاداب خان نے کہا کہ میدان کے باہر سے میچ دیکھنا میدان میں جیتنے کی جدوجہد سے زیادہ مشکل ہے۔

شاداب کو اب تک آرام دیا گیا ہے اور وہ چاروں میں سے کسی بھی میچ میں نہیں کھیلے ہیں لیکن وہ ہر میچ میں اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود رہے ہیں۔

انہوں نے ٹویٹ کیا کہ "گرائونڈ کے باہر سے میچ دیکھنا بہت مشکل ہے۔ ایسی سنسنی تھی کہ بار بار میرا دل دھڑکنا بھول جاتا۔ یہ کیسا میچ تھا۔"

انہوں نے بلے باز آصف علی، فاسٹ بولر محمد حسنین، اسپنر افتخار احمد، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر اور فاسٹ بالر حارث رؤف کی ٹیم کو جتوانے کی کوششوں اور میچ میں انفرادی مہارتوں کی تعریف کی۔

پاکستان اب بدھ (28 ستمبر) کو سیریز کے پانچویں میچ میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا کیونکہ اب سیریز کے باقی تین میچوں کے لیے ایکشن لاہور منتقل ہوگیا ہے۔