news

ملکی کرکٹ کے اہم فیصلے، فیصلہ کن راؤنڈ شروع   

سلیکشن کمیٹی کوحتمی شکل دینے کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے بھی کھلاڑیوں کی نئی فہرست بنے گی۔

ملکی کرکٹ کے اہم فیصلے، فیصلہ کن راؤنڈ شروع   

ملکی کرکٹ کے بارے میں اہم فیصلوں کے لیے فیصلہ کن راؤنڈ شروع ہوگیا ہے جس میں بھارت میں گرین شرٹس کے کھیلنے کے حوالے سے بھی اہم ترین فیصلہ ہونا ہے۔ 
نجم سیٹھی کی جگہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کی کمان سنبھالنے کے بعد ذکا اشرف مرحلہ وار بورڈ کےمعاملات کو درست سمت میں گامزن کرنے کے لیے سرگرم ہیں، اس معاملے میں انھیں مصباح الحق کی معاونت حاصل ہے، جو بطورکرکٹ کمیٹی سربراہ اور مشیر چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی کے طور بلامعاوضہ کام کررہے ہیں۔ 
ذکا اشرف کی سابق کرکٹرز سے ملاقاتوں اور ویڈیو کالز پر میٹنگز کا سلسلہ بھی جاری ہے،سابق کپتان مختلف معاملات میں سفارشات مرتب کرنے کے قریب پہنچ چکے ہیں،میٹنگز کا فیصلہ کن راؤنڈ شروع ہوچکا ہے، آج مصباح الحق کی سربراہی میں قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے اجلاس میں قومی سلیکشن کمیٹی کے بارے میں فیصلہ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق روایتی کمیٹی بحال کیے جانے کا امکان ہے، افغانستان کیخلاف سری لنکا میں ون ڈے سیریزکے بعد ایشیا کپ اور ورلڈکپ جیسے بڑے چیلنجز کے لیے سلیکشن کا عمل نئی کمیٹی کو ہی کرنا ہے۔ 
اجلاس میں سینٹرل کنٹریکٹس کے حوالے سے بھی کسی فیصلے تک پہنچنے کی کوشش ہوگی، گذشتہ سال کے معاہدوں کی مدت 30جون کو مکمل ہوچکی ہے، اب مصباح الحق کی سربراہی میں نئی فہرست مرتب ہورہی ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم، محمد رضوان، فخرزمان، شاداب خان اور شاہین شاہ آفریدی کی ’’اے‘‘ کیٹیگری برقرار رہے گی،حارث رؤف اور نسیم شاہ کی ترقی کا امکان ہے، اسامہ میر، محمد حارث، افتخار احمد، صائم ایوب، احسان اللہ اور زمان خان کی جگہ بھی خطرے میں نہیں ہے، سابق کپتان سرفراز احمد کا ریڈ بال کنٹریکٹ برقرار رہے گا، اظہر علی ریٹائر ہوچکے ہیں، جبکہ فواد عالم، یاسر شاہ، حیدر علی، عابد علی، خوشدل شاہ، عثمان قادر اور زاہد محمود کو تنخواہ پانے والے کھلاڑیوں کی فہرست سے باہر کیے جانے کا امکان ہے۔ 

دوسری جانب نئے سیزن میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس پر مشتمل کرکٹ ہوگی مگر ٹیموں کی تعداد، فرسٹ کلاس اور گریڈ ٹو کے معیار سمیت اہم فیصلے ہونا ابھی باقی ہیں، مصباح الحق سابق کرکٹرز کی مشاورت سے اس حوالے سے بھی کوئی لائحہ عمل تیار کررہے ہیں، ذکا اشرف کی منظوری کے بعد اہم اعلانات کیے جائیں گے۔