شاہد آفریدی نے فیصلہ سازوں سے مُلک کو ہیجانی کیفیت سے نکالنے کی اپیل کردی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عبوری چیف سلیکٹرشاہد آفریدی نے بھی ملکی صورتحال پر لب کشائی کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ عام آدمی ہر روز کی ایک نئی کہانی سے تنگ آگیا ہے، اُس کا اصل مسئلہ مہنگائی اور بیروزگاری ہے جس کا خاتمہ ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصلہ سازوں سے ہاتھ جوڑ کر التماس ہے کہ آپس میں مل بیٹھ کر مُلک کو اس ہیجانی کیفیت سے نکالیں۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پہلے ہی بہت تماشہ بن گیا ہے اور اب یہ وطن مزید صدمے برداشت نہیں کرسکتا۔
انہوں نے اپیل کی کہ خدارا اپنی آنے والی نسلوں اور اپنے ملک کیلئے سب ایک ہوجاؤ۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے بعد ملک میں حکومت سازی کیلئے مختلف سیاسی جماعتیں اتحاد کے ذریعے حکومت بنانے کی کوشش کررہی ہیں جبکہ کسی بھی جماعت کے پاس سادہ اکثریت موجود نہیں ہے۔
ملک میں انتخابات 2024 میں پہلی بار سب سے زیادہ عمران خان کے حمایتی یافتہ آزاد امیدوار میدان مارنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔