news

ملتان سلطانز دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کے خلاف 3 رنز سے فتح یاب

ملتان: پاکستان سپر لیگ 8 میں ملتان سلطانز نے دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کو 3 رنز سے شکست دے دی۔ ملتان سلطانز کی پوائٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن برقرار۔

ملتان سلطانز دلچسپ مقابلے کے بعد کراچی کنگز کے خلاف 3 رنز سے فتح یاب

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 11 ویں میچ میں کراچی کنگز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز بناسکے۔

کراچی کنگز کی جانب سے جیمز ونس نے 34 گیندوں پر 6 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے دھواں دار 75 رنز بنائے۔ تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکے۔ کپتان عماد وسیم 47 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

وکٹ کیپر بیٹر میتھیو ویڈ 20، شعیب ملک 14، بین کٹنگ 12 اور حیدر علی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عباس آفریدی نے 2 جبکہ خوشدل شاہ اور اسامہ میر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کراچی کنگز کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان نے 4 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 64 گیندوں پر دھواں دار 110 رنز بنائے۔

شان مسعود 51 جبکہ رائلی روسو 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے شعیب ملک اور محمد عامر نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔