احسان اللہ پچھلے سیزن میں ملتان سلطانز کے سب سے اہم بولر تھے، انہوں نے 12 اننگز میں 22 وکٹیں لے کر لیگ کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز احاصل کیا تھا۔
پی ایس ایل کی اہم فرنچائز ملتان سلطانزکو بڑاجھٹکا لگ گیا،فاسٹ بولر احسان اللہ انجری کے باعث لیگ سے باہر ہوگئے۔ اس سے قبل ملتان سلطانز کو ایک اور بری خبر کا سامنا کرنا پڑا تھا کہ انگلش پلیئر ریس ٹوپلے بھی ملتان سلطانز کو دستیاب نہیں ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر احسان اللّٰہ انجری کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 سے باہر ہوگئے ہیں۔ احسان اللہ پچھلے سیزن میں ملتان سلطانز کے سب سے اہم بولر تھے، انہوں نے 12 اننگز میں 22 وکٹیں لے کر لیگ کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر کا اعزاز احاصل کیا تھا۔
ٹیم کی پریشانیوں میں اس حالیہ اضافے کے حوالے سے، ٹیم کے مالک علی خان ترین نے ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں تصدیق کی کہ ان کے ٹیلنٹڈ بولر احسان اللہ انجری کی وجہ سے پی ایس ایل نائن کے پورے سیزن سے محروم رہیں گے۔
ملتان سلطانز کے لیے یہ بری خبر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایونٹ کے انعقاد میں فقط تین ہی دن باقی رہ گئے ہیں۔
دوسری جانب انگلش کھلاڑی ریس ٹوپلے بھی ملتان سلطانز کو پی ایس ایل کے اس سیزن کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔
ریس ٹوپلےکی عدم دستیابی کی وجہ انگلش کرکٹ بورڈ کی جانب سے انہیں این او سی جاری نہ کرنا بتائی گئی ہے۔
انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے معمولی انجری کے مسئلے کا حوالہ دیتے ہوئے ریس ٹوپلی کو پی ایس ایل 9 کے لیے این او سی دینے سے انکار کردیا تھا جس کی وجہ سے اس بار ملتان سلطانز ریس توپلے کی خدمات سے محروم رہے گی۔