بنگلہ دیش کی قومی ٹیم اگست کے دوسرے ہفتے میں پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔
پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بنگلہ دیشی اسپنرز کی رہنمائی مشتاق احمد کریں گے، آنے والے ٹور میں بنگال ٹائیگرز کو سابق پاکستانی اسٹار کی بطور اسپن کنلسٹنٹ خدمات حاصل ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کو رواں ماہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، جس میں اسے سابق پاکستانی اسپن اسٹار مشتاق احمد کی بطور اسپن کنلسٹنٹ خدمات حاصل ہوں گی، وہ اس سے قبل امریکا اور ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھی بنگلہ دیشی اسپنرز کے ساتھ کام کرچکے ہیں۔
اس حوالے سے چیئرمین بی سی بی کرکٹ آپریشن جلال یونس نے کہا کہ مشتاق احمد پاکستان کے ساتھ شیڈول ٹیسٹ سیریز کے لیے دستیاب ہوں گے، ان کی کچھ اور بھی مصروفیات ہیں جس کی وجہ سے وہ دسمبر تک مکمل طور پر دستیاب نہیں ہیں، ہم جنوری کے بعد ان کی طویل مدت کے لیے خدمات حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیشی اسپنرز خاص طور پر ریشاد احمد کی کارکردگی میں کافی بہتری آئی ہے، جس کی وجہ سے بی سی بی مشتاق احمد کی خدمات کو طویل مدت کے لیے حاصل کرنا چاہتا ہے۔
جلال یونس کا کہنا ہے کہ سیریز سے قبل ہیڈ کوچ چندیکا ہتھوراسنگھے بھی آسٹریلیا سے واپس لوٹ آئیں گے۔ پلیئرز کی فٹنس کے حوالے سے اپ ڈیٹ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ تسکین احمد نے ریڈ بال کے ساتھ بولنگ شروع کردی ہے، گذشتہ روز فٹنس کا جائزہ بھی لیا گیا، ان کی دورہ پاکستان کے لیے سلیکشن کا فیصلہ بہرحال سلیکٹرز کو کرنا ہے۔
یاد رہے کہ تسکین احمد نے گذشتہ برس جون سے ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیلی ،البتہ انھوں نے حال ہی میں ورلڈ کپ 2024 کے میچز میں حصہ لیا تھا۔ عبادت حسین کے بارے میں جلال یونس نے کہا کہ وہ 70 فیصد انجری سے چھٹکارا پا چکے ہیں تاہم اب بھی انھیں مزید ری ہیبلی ٹیشن کی ضرورت ہے۔