رمضان المبارک میں بھی مشقیں جاری رہیں گی جبکہ 6ماہ تک نان اسٹاپ کرکٹ ہوگی۔
مستقبل کے چیلنجز کی تیاری کے لیے قومی کرکٹرز کاکول اکیڈمی میں فوجی ٹریننگ لیں گے جب کہ رمضان المبارک میں بھی مشقیں جاری رہیں گی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے گزشتہ روز کرکٹرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں ایچ بی ایل پی ایس ایل9میچز کے دوران میں نہیں سمجھتا کہ آپ میں سے کسی نے اسٹینڈز میں چھکا لگایا ہو، سوچتا تھا کہ ایسا کوئی غیر ملکی بیٹر ہی کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے پی سی بی حکام سے کہا ہے کہ کرکٹرز کی فٹنس تیزی سے بہتر بنانے کے لیے پلان بنائیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان آرہی ہے، ٹیم کوانگلینڈ، آئرلینڈ اورٹی 20 ورلڈکپ کے لیے امریکا اور ویسٹ انڈیز جانا ہے، ٹریننگ کے لیے وقت نکالنا مشکل تھا تاہم 25مارچ سے 8 اپریل تک کرکٹرز کا کاکول (ملٹری اکیڈمی) میں کیمپ لگے گا،ہم کوچنگ اسٹاف کی تقرری کے لیے بھی رابطے میں ہیں، بہترین دستیاب افراد کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل9سمیت کھلاڑیوں کو اگلے 6ماہ تک نان اسٹاپ کرکٹ کھیلنی ہے جبکہ کاکول اکیڈمی میں ٹریننگ کیمپ کے دوران رمضان المبارک کا مہینہ بھی ہوگا جس میں کھلاڑیوں کی زہنی و جسمانی مشقیں جاری رہیں گی۔