news

نجم سیٹھی نے پی سی بی مینیجمنٹ اسٹاف میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا

لاہور:چیئرمین پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ مینیجمنٹ اسٹاف میں مزید تبدیلیاں کی جائیں گی۔

نجم سیٹھی نے پی سی بی مینیجمنٹ اسٹاف میں مزید تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ معاملات بہتر انداز میں چلانے کے لیے میں اپنی ٹیم بنا رہا ہوں، آج بھی چند تبدیلیاں ہوئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کرنل اعظم سے کنسلٹنٹ کے طور پر واپس آنے کی درخواست کی ہے، پی سی بی سے فارغ کیے جانے کے بعد وہ آئی سی سی میں خدمات انجام دے رہے ہیں،انھوں نے مشکل صورتحال میں بھی بہترین کام کیا تھا، اسی لیے ان کا آئی سی سی نے تقرر کیا، میری رخصتی کے بعد فارغ کیے جانے والے چند باصلاحیت عہدیداروں کو ہم واپس لائے ہیں، زیادہ تنخواہ والوں کو کٹوتی کے لیے کہا تھا چند نے فیصلہ قبول بھی کرلیا اس لیے مل کر کام کریں گے۔

سابق ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی کو دوبارہ لانے کے سوال پر انھوں نے صحافی سے پوچھا آپ کیا چاہتے ہیں؟ میرے خیال میں ان کے میڈیا کے ساتھ بہت اچھے تعلقات رہے ہیں،دوبارہ پوچھے جانے پر نجم سیٹھی نے کہا کہ وہ آرہے ہیں، اس دوران ڈائس پر موجودہ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی مسکراتے رہے۔