news
English

چیئرمین پی سی بی کا روہت شرما کی پاک بھارت سیریز کی خواہش پرردِعمل

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ بھارت پہلے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے پاکلستان آئے، اس کے بعد بھارت کے ساتھ دو طرفہ سیریز کو دیکھیں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا روہت شرما کی پاک بھارت سیریز کی خواہش پرردِعمل

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی خواہش کا جواب دے دیا۔ محسن نقوی نے بھارتی  کپتان روہت شرما کے حالیہ انٹرویو کے حوالےسے کہا کہ پاک بھارت سیریز ہوسکتی ہے مگر بھارت کو پہلے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہوگا۔ 
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بھارتی کپتان روہت شرما کی جانب سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کی حمایت کے سوال پر کہا کہ چیمپئنز ٹرافی تک پاکستانی ٹیم بہت مصروف ہے، پہلے بھارتی ٹیم ایونٹ میں پاکستان آئے پھر کوئی آپشن دیکھیں گے۔ 
ایل سی سی سی اے گراﺅنڈ میں انٹرکلب کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچز کیلئے انٹرویوز چل رہے ہیں، چند روز میں اعلان بھی ہوجائے گا۔ 
انہوں نے کہا کہ نئے کوچ کا فیصلہ نیوزی لینڈ کیخلاف ہوم سیریز کے بعد ہوجائے گا، فاسٹ بولر احسان اللہ کے علاج میں کوتاہی کرنے والوں کیخلاف سخت ایکشن لیں گے، ہمارے لیے ہر کھلاڑی اہم ہے، اعظم خان کی انجری کو خود مانیٹر کررہا ہوں۔ 
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کےلئے انٹرنیشنل کمپنیوں سے رابطے کی وجہ سے ایک، ڈیڑھ ماہ کی  تاخیر ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کے قریب ہوٹل کی تیاری کے لئے اخراجات کا محتاط انداز میں جائزہ لیا جارہا ہے، پی ایس ایل ونڈو کے حوالے سے فرنچائزز سے بات چیت جاری ہے۔  
چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ انٹرکلب ٹورنامنٹ میں 3300 سے زائد کلب شریک ہوں گے، 7200 میچ جولائی تک مکمل ہوں گے، بہترین کرکٹرز کو اکیڈمی میں ٹریننگ دیکر قومی ٹیم کا بیک اپ تیار کریں گے۔ 
یاد رہے کہ چند روز قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان کپتان روہت شرما نے سابق انگلش کپتان مائیکل وان کے ساتھ پوڈ کاسٹ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچز بہت شاندار ہوں گے کیونکہ پاکستان ایک زبردست ٹیم ہے اور اس کی بولنگ لائن بہت مضبوط ہے۔  
روہت شرما نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور بھارت کا مقابلہ زبردست ہوگا خاص طور پر اگر یہ باہر کسی ملک کی کنڈیشن میں ہو، میں باضابطہ سیریز کے حق میں ہوں، میری رائے خالص کرکٹ پر مبنی ہے اس کے علاوہ کچھ نہیں۔،، 

اس سے قبل پاکستان اور بھارت نے آخری بار دو طرفہ ٹیسٹ سیریز 2007 میں کھیلی تھی جب پاکستان بھارت کے دورے پر تھا اور اسے تین میچوں کی سیریز میں ایک صفرسے شکست ہوئی تھی۔